عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کے روز بالتل بیس کیمپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شری امرناتھ یاترا کے انتظامات کا جائزہ لیا اور یاتریوں سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، جموں و کشمیر پولیس، فوج اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں نے باہمی اشتراک سے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ امرناتھ یاترا محفوظ، پُرامن اور خوش اسلوبی سے جاری رہے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی بھرپور کوشش ہے کہ تمام یاتری خوشگوار تجربات کے ساتھ اپنی زیارت مکمل کرکے واپس لوٹیں۔
منوج سنہا نے بتایا کہ انہوں نے ذاتی طور پر بالتل بیس کیمپ میں قائم خیموں اور رہائشی سہولیات کا معائنہ کیا، جبکہ ڈیوٹی پر تعینات افسران مسلسل تمام انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، مجھے یقین ہے کہ یہ یاترا اپنی بہترین اور مؤثر انتظامیہ کے باعث یاد رکھی جائے گی، اور امید ہے کہ آئندہ بھی سہولیات میں مزید بہتری لائی جائے گی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید بتایا کہ گزشتہ تین برسوں سے بالتل اور چندن واڑی میں 100 بستروں پر مشتمل ایک ایک اسپتال فعال ہے، جہاں یاتریوں اور یاترا ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ایل جی منوج سنہا کا بالتل بیس کیمپ کا دورہ، امرناتھ یاتریوں سے ملاقات، انتظامات کا جائزہ