محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع بانہال ۔ قاضی گنڈ فورلین ٹنل کے اندر جموں سے سرینگر جارہی سٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی ایک بس کے حادثے میں کم از کم 19 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے تین کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
بچاؤ کاروائیوں میں شامل پولیس ، فوج اور ٹنل انتظامیہ کیطرف سے زخمیوں کو پہلے ایمرجنسی ہسپتال قاضی گنڈ اور بعد میں انہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ۔
یہ حادثہ بدھ کی رات قریب دس بجے اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار بس ٹنل کے ساتویں کلومیٹر میں ٹنل کے ایک طرف لگی ریلنگ سے ٹکرائی اور ٹنل ٹیوب کے اندر پلٹ گئی۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ الٹنے سے پہلے اس بس کی زد میں ایک ٹرک بھی آیا تاہم ٹرک میں سوار فراد بچ نکلے ہیں تاہم ٹرک کو نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹنل کی ایک ٹیوب کے اندر ٹریفک کی نقل و حرکت ایک گھنٹے تک معطل رہی اور بعد میں بس کو ریکوری وین سے ایک طرف کرکے ٹریفک کو دوبارہ بحال کیا گیا ۔
گورنمنٹ میڈیکل کالج اور ہسپتال اننت ناگ کی انتظامیہ کے مطابق جی ایم سی اننت ناگ میں کل 19 زخمیوں کو لایا گیا جن میں تین کی حالت تشویشناک ہے اور ان میں سے ایک زخمی کو سکمز صورہ سرینگر منتقل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 13 زخمی اننت ناگ ہسپتال میں اور ایک زخمی سرینگر ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور بقیہ کو ابتدائی طبیِ امداد کے بعد ہسپتال سے چھٹی کر دی گئی ہے۔