سری نگر کی فضائی نگرانی کے لئے جدید ڈرونز کا استعمال کیا جا رہا ہے: پولیس

File Photo

یو این آئی

سری نگر//سری نگر پولیس شہر میں فضائی نگرانی کو مزید وسیع اور اپ گریڈ کرنے کے لئے جدید ترین ہائی ریزولیشن کیمرہ والے ڈرونز کا استعمال کر رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ڈرونز زمین سے نظر نہیں آسکیں گے لیکن لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔
سری نگر پولیس نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا: ’سری نگر کے مشتبہ علاقوں میں فضائی نگرانی جاری ہے جو سماج دشمن عناصر، مجرموں، جنگجوؤں اور جنگجو اعانت کاروں کی تلاش میں ہیں‘۔
ٹویٹ میں کہا گیا کہ ہائی ریزولیشن کیمرہ والے جدید ڈرونز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
پولیس ٹویٹ میں مزید کہا گیا: ’یہ ڈرونز زمین سے دکھائی نہیں دے سکیں گے لیکن یقین رکھیں کہ لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کی جائے گی‘۔
قابل ذکر ہے کہ پہلے پولیس سری نگر میں یوم جمہوریہ یا یوم آزادی کے موقعوں پر ہی صورتحال پر نگرانی رکھنے کے لئے ڈرونز کا استعمال کر رہی تھی۔
ذرائع کے مطابق اب شہر کے مشتبہ علاقوں میں روزانہ بنیادوں پر ہائی ریزولیشن کیمرہ والے ڈرونز کا استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام شہر میں مجرمانہ سرگرمیوں پر قابو پانے میں کافی حد تک کار آمد ثابت ہوگا۔