عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) جموں نے پیر کو ایک سابق پولیس اہلکار کے خلاف رشوت ستانی کے ایک معاملے میں چارج شیٹ پیش کی۔
ایجنسی کے ترجمان نے بتایا کہ یہ چارج شیٹ پولیس سٹیشن اے سی بی جموں میں پی سی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت محمد سلطان کے خلاف درج مقدمہ میں پیش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ مقدمہ ایک شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ منشی سلطان شکایت کنندہ کے بیٹے کو پولیس حراست سے رہا کرنے کے لیے 8000 روپے رشوت مانگ رہا ہے۔
انہوں نے کہا، “شکایت کنندہ نے پہلے ہی 8,000 روپے کی رشوت طلبی میں سے 4,000 روپے ادا کر دیے تھے لیکن ملزم نے دوبارہ بیٹے کی رہائی کے لیے 4,000 روپے کا مطالبہ کیا”۔
ترجمان نے مزید کہا کہ مذکورہ شکایت پر اے سی بی نے جال بچھایا اور سلطان کو رشوت کا مانگتے اور وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا لیا اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں اس کے قبضے سے رشوت کی رقم برآمد کی گئی۔
انہوں نے بتایا، “تحقیقات کی تکمیل اور مجاز اتھارٹی سے قانونی چارہ جوئی کی منظوری حاصل کرنے کے بعد، چارج شیٹ کو عدالتی فیصلہ کے لیے خصوصی جج انسداد بدعنوانی جموں کی عدالت میں پیش کیا گیا”۔