عظمیٰ ویب ڈیسک
ادھم پور/جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر ضلع ادھم پور کے دیوال علاقے میں پیر کے روز تازہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت شدید متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں تقریباً 1700 مال بردار ٹرک اور متعدد مسافر گاڑیاں شاہراہ پر پھنس گئیں۔سرکاری ذرائع نےبتایا کہ ادھم پور اور بانہال کے درمیان پھنسے ہوئے ٹریفک کو فی الحال سنگل کیرج وے کے ذریعے مرحلہ وار نکالا جا رہا ہے، جبکہ متاثرہ مقام پر بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ شاہراہ پر پھنسے ہوئے مسافروں کو جلد از جلد منزل تک پہنچانے کے لیے مسافر گاڑیوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق بحالی کا کام مکمل ہونے اور شاہراہ کو محفوظ قرار دیے جانے تک جموں سے سرینگر، ڈوڈہ، رام بن اور پٹنی ٹاپ کی جانب، اسی طرح سرینگر سے جموں کی سمت کسی بھی نئی ٹریفک کو روانہ ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگلے احکامات تک غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کیونکہ شاہراہ کے حساس مقامات پر مزید لینڈ سلائیڈنگ اور شوٹنگ اسٹونز کا خطرہ برقرار ہے۔
جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر تازہ لینڈ سلائیڈنگ، 1700 مال بردار گاڑیاں درماندہ