عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو فوج، جموں و کشمیر پولیس، سول انتظامیہ، مرکزی مسلح پولیس فورسز (CAPFs) اور دیگر اہم سیکورٹی ایجنسیوں کے سینئر افسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ اس دوران انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ مکمل چوکسی برقرار رکھیں، انٹیلی جنس کی بنیاد پر انسدادِ ملی ٹینسی کارروائیوں کو مزید تیز کریں اور ابھرتے ہوئے سیکورٹی خطرات کا بروقت سدباب یقینی بنائیں۔
اجلاس میں ناردرن کمانڈ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ اِن چیف لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما، چیف سیکریٹری اٹل ڈولو، پولیس سربراہ نلین پربھات، اسپیشل ڈی جی کوآرڈینیشن ایس جے ایم گیلانی، جی او سی 15 کور لیفٹیننٹ جنرل بلبیر سنگھ، جی او سی 16 کور لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا، پرنسپل سیکریٹری ہوم چندرکر بھارتی، انٹیلی جنس بیورو کے ایڈیشنل ڈائریکٹر پنکج ٹھاکر، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکریٹری اور شری امرناتھ شرائن بورڈ کے سی ای او ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری، اے ڈی جی پی سی آئی ڈی نتیش کمار سمیت سول انتظامیہ، پولیس، فوج، سیکورٹی فورسز، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور شرائن بورڈ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے حالیہ خراب موسمی صورتحال اور شدید بارشوں کے پیش نظر جاری شری امرناتھ جی یاترا کے لیے لاجسٹک اور حفاظتی انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ یاتریوں کی سلامتی، سہولت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے باہمی تال میل کو مزید مضبوط بنایا جائے۔انہوں نے بجلی، پانی، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز اور دیگر بنیادی سہولیات کا محکمہ وار جائزہ لینے اور ان کے جامع آڈٹ کی ہدایت بھی دی۔میٹنگمیں بتایا گیا کہ یاترا کے پہلے 20 دنوں کے دوران 3 لاکھ 91 ہزار سے زائد عقیدت مند مقدس گپھا میں درشن کر چکے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے واضح کیا کہ یاترا کی بحالی اور اس کا تسلسل مکمل طور پر موسمی حالات پر منحصر ہوگا۔ حالیہ شدید بارشوں کے تناظر میں انہوں نے سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات مزید مضبوط بنانے اور یاترا راستوں کے ساتھ واقع نالوں سے ملبہ فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت دی۔انہوں نے 24 گھنٹے ڈیزاسٹر رسپانس کی تیاری، یاترا ٹریکس کی صفائی، مناسب حفظانِ صحت کے انتظامات، راشن، ایل پی جی، مٹی کے تیل اور ہنگامی طبی سامان کے وافر ذخائر یقینی بنانے پر زور دیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے یاترا راستوں پر غیر رجسٹرڈ سروس فراہم کنندگان پر مکمل پابندی عائد کرنے اور 100 فیصد پری پیڈ سروس سسٹم نافذ کرنے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے اضافی پاور ڈی جی سیٹس، چوبیس گھنٹے طبی سہولیات، مطلوبہ افرادی قوت، آکسیجن سلنڈرز اور ایمبولینسوں کی دستیابی یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کیے۔ممکنہ ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنے کے لیے انہوں نے ٹریفک مینجمنٹ کو فعال رکھنے، گاڑیوں کی باقاعدہ جانچ، تمام آلات کی فعالیت یقینی بنانے اور بروقت موسمی انتباہات جاری کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہر خیمے میں فائر ایکسٹنگوئشر موجود ہونا چاہیے جبکہ جنگلی حیات سے متعلق خصوصی یونٹس کو یاترا ٹریکس پر تعینات کیا جائے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر پولیس، بھارتی فوج، سول انتظامیہ، سیکورٹی فورسز، شرائن بورڈ، رضاکاروں، سروس فراہم کنندگان اور عوام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور لگن کی بدولت شری امرناتھ جی یاترا محفوظ اور کامیاب انداز میں جاری ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ منعقد، تمام محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت