عظمیٰ ویب ڈیسک
بانڈی پورہ/شمالی ضلع بانڈی پورہ میں سیلابی ریلے کی زد میں آ کر لاپتہ ہونے والے 14 سالہ لڑکے کی لاش بدھ کے روز برآمد کر لی گئی، جبکہ اس کی والدہ کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔حکام کے مطابق لڑکے کی نعشگجر بل علاقے میں ایک نالے سے برآمد کی گئی، جسے قانونی و طبی کارروائیوں کے لیے ضلع اسپتال بانڈی پورہ منتقل کیا گیا۔متوفی کی شناخت عامر کھٹانہ ولد مرحوم محبوب کھٹانہ ساکن بونی بل ٹانگتھ کے طور پر ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق عامر کھٹانہ اور ان کی والدہ گڈی بیگم شدید بارشوں کے باعث بالائی علاقوں میں آنے والے اچانک سیلاب کے بعد نالے میں بہہ کر جانے والی لکڑیاں نکالنے کی کوشش کر رہے تھے کہ تیز بہاؤ کی زد میں آ کر بہہ گئے۔تحصیلدار بانڈی پورہ فردوس احمد نے بتایا کہ گڈی بیگم تاحال لاپتہ ہیں اور انہیں تلاش کرنے کے لیے ریسکیو و سرچ آپریشن جاری ہے۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔
بانڈی پورہ میں سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے لاپتہ لڑکے کی نعش برآمد، ماں کی تلاش جاری