عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز سری نگر میں ایک اور جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں حالیہ شدید بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور حکومت کی جانب سے کیے گئے امدادی و بحالی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ضروری خدمات کی بحالی، سڑکوں کی آمدورفت، امدادی سرگرمیوں اور ضلع وار تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی آج شام تک بڑی حد تک بحال کیے جانے کی توقع ہے۔اجلاس میں وزیر سکینہ ایتو نے ذاتی طور پر شرکت کی، جبکہ وزراء جاوید رانا اور ستیش شرما نے راجوری سے بذریعہ ورچوئل رابطہ اجلاس میں شرکت کی۔
وزیراعلیٰ نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ ہائی الرٹ رہیں، بحالی کے کاموں میں مزید تیزی لائیں، ضروری اشیائے خوردونوش اور دیگر بنیادی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائیں، جبکہ حساس اور خطرے سے دوچار علاقوں میں غذائی اجناس اور دیگر ضروری سامان پیشگی طور پر ذخیرہ کیا جائے۔انہوں نے مزید زور دیا کہ کمزور اور متاثرہ آبادیوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور زمینی سطح پر فوری اور مؤثر ردعمل کو یقینی بنایا جائے تاکہ حالات مکمل طور پر معمول پر آنے تک امدادی و بحالی سرگرمیاں جاری رہیں۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی میٹنگ، صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا ،تمام محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت