عظمیٰ ویب ڈیسک
رام بن/رام بن ضلع کے رامسو علاقے میں بدھ کے روز جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر ایک مسافر ٹیمپو پر اچانک بڑا پتھر گرنے سے دو افراد جاں بحق جبکہ پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔حکام کے مطابق مسلسل بارش کے دوران شاہراہ پر رامسو کے نزدیک پہاڑی سے اچانک ایک بڑ ا پتھرگر آیاجو مسافر ٹیمپو سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں سوار متعدد مسافر زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر ریسکیو کرکے پرائمری ہیلتھ سینٹر رامسو اور دیگر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں دو زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔حکام نے بتایا کہ باقی زخمیوں کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ ریسکیو کارروائی میں پولیس، امدادی ٹیموں اور مقامی رضاکاروں نے حصہ لیا۔ادھر پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
رامسو میں دلخراش حادثہ: جموں-سرینگر شاہراہ پر مسافر ٹیمپو پر پتھر گرآنے سے 2 افراد جاں بحق، 5 زخمی