عظمیٰ ویب ڈیسک
بڈگام/بڈگام ضلع کے علاقے کھاگ میں گزشتہ روز سیلابی صورتحال کے دوران نالے میں بہہ جانے والے نو شادی شدہ نوجوان کی نعش بدھ کی صبح طویل تلاش کے بعد آشریہ نالہ سے برآمد کر لی گئی۔متوفی کی شناخت شبیر احمد پاسوال ساکن درنگ، کھاگ کے طور پر ہوئی ہے۔حکام کے مطابق مسلسل بارشوں کے باعث نالے میں اچانک پانی کی سطح بلند ہوئی جس کے نتیجے میں شبیر احمد بہہ گئے۔ واقعے کے فوراً بعد سول انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو ایجنسیوں نے مشترکہ طور پر بڑے پیمانے پر تلاش و بچاؤ آپریشن شروع کیا۔
کئی گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد مقامی لوگوں، تحصیلدار کھاگ، ایس ایچ او کھاگ مدثر احمد، ریسکیو اہلکاروں، رضاکاروں اور نوجوانوں کی مدد سے لاش برآمد کی گئی۔ادھر بڈگام پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دریاؤں، ندی نالوں، پشتوں اور سیلابی خطرات والے مقامات سے دور رہیں۔ڈپٹی کمشنر بڈگام نے تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے پولیس، ایس ڈی آر ایف، سول ڈیفنس اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کو فوری طور پر فعال رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
بڈگام میں سیلابی نالے میں بہہ جانے والے نوشادی شدہ نوجوان کی نعش برآمد