عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے جمعہ کو کہا کہ اس نے جموں و کشمیر محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے ایک اسسٹنٹ انجینئر کو ضلع ڈوڈہ میں پی ایم جی ایس وائی سڑک منصوبے کے دوران متاثرہ مکان کے معاوضے کی فائل پر کارروائی کے عوض 30 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔جاری ایک بیان میں سی بی آئی کے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار اسسٹنٹ انجینئر جموں و کشمیر میں پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (PMGSY) کے نفاذ کے لیے محکمہ تعمیرات عامہ میں تعینات تھا۔
ترجمان کے مطابق، سی بی آئی نے 16 جولائی 2026 کو موصول ہونے والی ایک شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا۔ شکایت میں کہا گیا تھا کہ ضلع ڈوڈہ میں ٹھا ٹھری اور کٹھوعہ کو ملانے والی پی ایم جی ایس وائی سڑک کی تعمیر کے دوران شکایت کنندہ کا مکان متاثر ہوا، جس کے باعث وہ تقریباً 10 لاکھ روپے کے معاوضے کا حقدار تھا۔
بیان کے مطابق، ملزم اسسٹنٹ انجینئر نے مبینہ طور پر معاوضے کی فائل پر کارروائی اور رقم جاری کرنے کے لیے 50 ہزار روپے رشوت طلب کی۔ بعد ازاں بات چیت کے بعد اس نے 30 ہزار روپے رشوت لینے پر رضامندی ظاہر کی۔ترجمان نے مزید بتایا کہ سی بی آئی نے 16 جولائی کو جال بچھا کر کارروائی کی اور ملزم کو 30 ہزار روپے رشوت طلب کرتے اور وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پی ڈبلیو ڈی اسسٹنٹ انجینئر 30 ہزار روپے رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار :سی بی آئی