عظمیٰ ویب ڈیسک
ڈوڈہ/جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ کے جائی ویلی علاقے میں پولیس کارروائی کے دوران پیش آئے فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک شہری ہلاک جبکہ تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس نے واقعے میں ملی ٹینسی کے کسی بھی پہلو کو مسترد کرتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ یہ واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب اس وقت پیش آیا جب جائی ویلی کے بلند پہاڑی علاقے میں پولیس ٹیم نے مشتبہ نقل و حرکت کا پتہ لگایا۔
انہوں نے بتایا کہ مشتبہ افراد کو روکنے اور چیلنج کرنے پر ہاتھا پائی شروع ہوگئی، جس دوران سرکاری اسلحہ چھیننے کی کوشش کی گئی۔ اسی کشمکش کے دوران ایک گولی چل گئی، جس سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔زخمی شخص کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے اسے مزید علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔جاں بحق ہونے والے کی شناخت عارف حسین ولد مرحوم محمد اقبال، ساکن چیکا، بھدرواہ کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ پیشے کے اعتبار سے آٹو ڈرائیور تھا۔ پولیس کے مطابق واقعہ اس کے آبائی گاؤں سے تقریباً 25 کلومیٹر دور پیش آیا۔
پولیس افسر کے مطابق ہاتھا پائی کے دوران ایک پولیس اہلکار کے سر پر شدید چوٹیں آئیں، جبکہ دو دیگر اہلکار بھی زخمی ہوئے۔پولیس نے ابتدائی تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملی ٹینسی کا کوئی پہلو سامنے نہیں آیا ہے، جبکہ ابتدائی شواہد کے مطابق جاں بحق ہونے والا شخص مبینہ طور پر مویشی اسمگلنگ میں ملوث تھا۔احتیاطی اقدام کے طور پر بھدرواہ میں اضافی سیکورٹی فورسز تعینات کر دی گئی ہیں، جبکہ علاقے میں انٹرنیٹ خدمات بھی معطل کر دی گئی ہیں۔پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
بھدرواہ فائرنگ: ایک شہری ہلاک، تین پولیس اہلکار زخمی، علاقہ میں انٹرنیٹ خدمات معطل