عظمیٰ ویب ڈیسک
اننت ناگ/اننت ناگ پولیس نے سونے کے سکوں کے نام پر کروڑوں روپے کے فراڈ میں ملوث بدنام زمانہ دھوکہ باز ’’سجاد احمد بیگ ولد لسا بیگ، ساکن دراوے، لارنوکو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کے خلاف پولیس اسٹیشن لارنو میں ایف آئی آرزیر نمبر 27/2026زیر دفعات 318(4)، 351(2) اور 61(2) بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS)کے تحت مقدمہ درج ہے۔پولیس کے مطابق یہ مقدمہ سرینگر کے ایک شہری کی شکایت پر درج کیا گیا، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر شکایت کنندہ کو رعایتی نرخوں پر سونے کے سکے فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر 12 لاکھ روپےہتھیا لیے۔
شکایت کے مطابق منصوبہ بند سازش کے تحت لین دین کے دوران شکایت کنندہ کو ایک ناکے پر روک لیا گیا، جہاں مبینہ طور پر سونے کے سکے ضبط کر لیے گئے، جس کے نتیجے میں وہ دھوکہ دہی کا شکار ہو گیا۔تحقیقات کے دوران اننت ناگ پولیس نے زبانی اور تکنیکی شواہد جمع کیے، جن سے ملزم اور اس کے ساتھیوں کے جرم میں ملوث ہونے کے واضح ثبوت سامنے آئے۔ پولیس نے ملزم کو حاصل پیشگی ضمانت کو عدالت میں مؤثر انداز میں چیلنج کیا، جس کے بعد معزز عدالت نے ضمانت منسوخ کر دی اور پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔
پولیس نے بتایا کہ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ فرار دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کیا جا سکے اور پوری مجرمانہ سازش کا پردہ فاش کیا جا سکے۔اننت ناگ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مالی لین دین کے دوران غیر معمولی رعایتوں، جعلی وعدوں اور دھوکہ دہی پر مبنی اسکیموں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی مشتبہ معاملے میں فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں۔