عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) بارہمولہ کی سابق چیئرپرسن اور پی ڈی پی کے بانی رہنما مظفر حسین بیگ کی اہلیہ صفینہ بیگ نے بدھ کے روز سرینگر میں نیشنل کانفرنس کے صدر دفتر میں پارٹی میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر لی۔صفینہ بیگ اپنے حامیوں کے ہمراہ نیشنل کانفرنس میں شامل ہوئیں۔ اس موقع پر پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، دیہی ترقی کے وزیر جاوید احمد ڈار، سینئر رہنما علی محمد ساگر، چوہدری محمد رمضان اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق صفینہ بیگ کی نیشنل کانفرنس میں شمولیت کو ضلع بارہمولہ میں پارٹی کے لیے ایک اہم سیاسی تقویت قرار دیا جا رہا ہے، جہاں 2024 کے اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس نے 7 میں سے 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ صفینہ بیگ کے شوہر مظفر حسین بیگ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے بانی اراکین میں شامل رہے ہیں۔ وہ غلام نبی آزاد کی قیادت میں قائم پی ڈی پی-کانگریس مخلوط حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔مظفر حسین بیگ نے 2002 اور 2008 کے اسمبلی انتخابات بارہمولہ حلقے سے جیتے تھے، جبکہ 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں بھی بارہمولہ پارلیمانی نشست پر کامیابی حاصل کی تھی۔
صفینہ بیگ نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کر لی