عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/جنرل دھیراج سیٹھ نے باضابطہ طور پر بھارتی فوج کے 31ویں چیف آف آرمی اسٹاف کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ انہوں نے جنرل اوپیندر دویدی کی جگہ لی، جوچار دہائیوں سے زائد شاندار فوجی خدمات انجام دینے کے بعد 30 جون 2026 کو سبکدوش ہو گئے۔
جنرل دھیرج سیٹھ نیشنل ڈیفنس اکیڈمی، کھڑکواسلا کے فارغ التحصیل ہیں اور دسمبر 1986 میں آرمرڈ کور میں کمیشن حاصل کیا تھا۔ تقریباً چالیس برس پر محیط اپنے فوجی کیریئر کے دوران انہوں نے آپریشنل، صلاحیت سازی اور ادارہ جاتی شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں اور بھارتی فوج کی جنگی صلاحیت اور طویل مدتی جدیدکاری میں اہم کردار ادا کیا۔
اپنے کیریئر کے دوران جنرل دھیرج سیٹھ نے مختلف اہم عسکری ذمہ داریاں نبھائیں۔ انہوں نے صحرائی سیکٹر میں ایک آرمرڈ رجمنٹ، مغربی محاذ پر ایک آرمرڈ بریگیڈ اور جموں و کشمیر میں انسدادِ شورش فورس کی قیادت کی۔ لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر وہ بھارتی فوج کی ممتاز اسٹرائیک فارمیشن “سدرشن چکر کور” کے کمانڈر بھی رہے۔
بعد ازاں انہوں نے دہلی ایریا کے جنرل آفیسر کمانڈنگ کی حیثیت سے قومی اور بین الاقوامی فوجی سرگرمیوں اور اہم سرکاری تقریبات کی نگرانی کی۔ آرمی کمانڈر کے طور پر انہوں نے ساؤتھ ویسٹرن کمانڈ اور سدرن کمانڈ کی قیادت کی اور ڈھائی سال سے زائد عرصے تک دو اہم آپریشنل آرمی کمانڈز کی سربراہی کا اعزاز حاصل کیا۔
جنرل دھیرج سیٹھ کو بھارتی فوج کی جدیدکاری اور مستقبل کی جنگی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں ان کے اہم کردار کے لیے بھی جانا جاتا ہے۔ آرمی ہیڈکوارٹر میں انہوں نے اسٹریٹجک پلاننگ اور کیپیبلٹی ڈیولپمنٹ سے متعلق اہم ذمہ داریاں سنبھالیں، جہاں انہوں نے جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ فوجی ڈھانچے اور صلاحیتوں کی منصوبہ بندی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
وہ ایک اعلیٰ تربیت یافتہ فوجی افسر ہیں جنہوں نے متعدد پیشہ ورانہ عسکری کورسز میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ وہ ہائر کمانڈ کورس اور نیشنل ڈیفنس کالج کے گریجویٹ ہیں، جبکہ فرانس کے شہر پیرس میں منعقد ہونے والا معروف کمانڈ اینڈ اسٹاف کورس بھی مکمل کر چکے ہیں، جس سے ان کی وسیع تزویراتی بصیرت اور عصری فوجی امور پر گہری گرفت کا اظہار ہوتا ہے۔
جنرل دھیرج سیٹھ نے فوج کے 31ویں سربراہ کے بطور عہدہ سنبھال لیا