عظمیٰ ویب ڈیسک
ڈوڈہ/ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ، کرشن لال نے پیر کے روز گوجر و بکروال طلبہ و طالبات کے ہاسٹلز کا اچانک معائنہ کیا، جس کے دوران بنیادی ڈھانچے، جاری مرمتی کاموں، نئے ہاسٹل کی تعمیر اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔معائنے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ہاسٹل کی عمارت، باورچی خانے، ڈائننگ ہال اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے طلبہ اور ہاسٹل عملے سے بھی بات چیت کی اور رہائشی سہولیات اور ہاسٹل کے انتظامات کے بارے میں براہِ راست معلومات حاصل کیں۔
جی بی گرلز ہاسٹل کے معائنے کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ ڈی اے جے یو جی اے (DAJUGA)منصوبے کے تحت جاری تعمیراتی اور مرمتی کام منظور شدہ تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (DPR) کے مطابق انجام نہیں دیے گئے۔ تعمیراتی معیار انتہائی ناقص اور مقررہ معیار سے کم پایا گیا۔
اس پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے آفتاب احمد جونیئر انجینئر، محکمہ تعمیرات عامہ (آر اینڈ بی) ڈویژن ڈوڈہ کو فوری طور پر معطل کر دیا اور ان کے خلاف محکمانہ انکوائری کے احکامات جاری کیے۔سپرنٹنڈنگ انجینئر، محکمہ تعمیرات عامہ (آر اینڈ بی) سرکل ڈوڈہ کو انکوائری آفیسر مقرر کرتے ہوئے ہدایت دی گئی کہ وہ سات روز کے اندر جامع رپورٹ پیش کریں۔
دریں اثنا، جی بی بوائز ہاسٹل کے معائنے کے دوران بجلی کی وائرنگ اور دیگر برقی تنصیبات انتہائی خراب اور غیر محفوظ حالت میں پائی گئیں، جو طلبہ کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دی گئیں۔اس کے بعد محمد اسلم الیکٹریشن، جی بی بوائز ہاسٹل ڈوڈہ کو بھی فوری طور پر معطل کر دیا گیا اور ان کے خلاف بھی محکمانہ تحقیقات کا حکم دیا گیا۔ضلع سماجی بہبود افسر ڈوڈہ کو اس معاملے کا انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے، جنہیں سات دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
علاوہ ازیں ایک متعلقہ ملازم کو ڈیوٹی سے غیر مجاز غیر حاضری پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے، جس میں مقررہ مدت کے اندر جواب طلب کیا گیا ہے، بصورت دیگر متعلقہ سروس قوانین کے تحت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعمیرات عامہ (آر اینڈ بی) کو ہدایت دی کہ تمام مرمتی اور تعمیراتی کام مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور منظور شدہ نقشوں، تکنیکی معیار اور تعمیراتی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر چیف پلاننگ آفیسر ڈوڈہ منیش کمار منہاس سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے۔