عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کے روز پنجاب میں جموں و کشمیر کے مٹن تاجروں کے خلاف کی جانے والی کارروائی کو ’’بلاجواز‘‘قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک بار پھر پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ بھگونت مان کے ساتھ یہ معاملہ اٹھایا ہے۔سری نگر کے ایس کے آئی سی سی میں ایک تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ وہ گزشتہ کئی ماہ سے اس معاملے پر پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا، میں کئی مہینوں سے پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سے رابطے میں ہوں اور میں نے انہیں دوبارہ خط بھی لکھا ہے۔ ہمارے مٹن تاجر صرف پنجاب کو بطور ٹرانزٹ روٹ استعمال کرتے ہیں، وہ وہاں سے مویشی نہیں خریدتے۔ محض پنجاب سے گزرنے کی بنیاد پر انہیں سزا نہیں دی جانی چاہیے۔ ان کے خلاف کی جانے والی کارروائی بلاجواز ہے۔وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ اگر پنجاب حکومت اس مسئلے کا حل نہیں نکالتی تو وہ یہ معاملہ شمالی زون ریاستی کونسل میں اٹھائیں گے اور اس سلسلے میں مرکزی حکومت سے بھی مداخلت کی درخواست کریں گے۔
پنجاب میں جموں و کشمیر کے مٹن تاجروں کے خلاف کارروائی بلاجواز ہے: وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ