الطاف بابا
سوپور//شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور علاقے میں واقع سوپور-وڈورہ سڑک کی خستہ حالی پر ایک درجن سے زائد دیہات کے باشندوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک پر بڑے بڑے گڑھے، گہری دراڑیں اور ٹوٹی پھوٹی سطح روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کے لیے مشکلات اور خطرات کا باعث بن رہی ہے۔وڈورہ کے رہائشی عاشق حسین نے کہا،’’”سڑک کی حالت انتہائی خراب ہے۔ اس کی بگڑتی ہوئی صورتحال عوام کو شدید پریشانی سے دوچار کر رہی ہے اور سڑک استعمال کرنے والوں کی سلامتی کے لیے بھی خطرہ بن چکی ہے۔‘‘
مقامی باشندوں نے شکایت کی کہ انہوں نے متعدد بار محکمہ آر اینڈ بی سے سڑک کی مرمت کی اپیل کی، لیکن اب تک کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی تاجر محمداشرف نے کہا،’’سڑک جگہ جگہ گڑھوں اور ناہموار سطح سے بھری ہوئی ہے۔ گاڑی چلانے والوں کو خراب حصوں سے بچنے کے لیے بار بار راستہ بدلنا پڑتا ہے، جس سے ٹریفک جام اور حادثات کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔‘‘سوپور-واڈورہ سڑک کئی دیہات کوسوپورقصبے سے جوڑنے والی ایک اہم رابطہ سڑک ہے۔ اس راستے کو طلبہ، سرکاری و نجی ملازمین، تاجروں اور علاج کی غرض سے سفر کرنے والے مریض بڑی تعداد میں استعمال کرتے ہیں۔ٹرانسپورٹرمحمدشفیع نے بتایا کہ ماضی میں حکام نے کچھ گڑھوں کو ’سولنگ‘ کے ذریعے عارضی طور پر بھر دیا تھا، لیکن کچھ ہی عرصے بعد دوبارہ دراڑیں اور گڑھے نمودار ہو گئے۔انہوں نے کہا،’’مسلسل استعمال اور مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے سڑک کی حالت مزید خراب ہو گئی ہے۔‘‘علاقے کے لوگوں نے محکمہ آر اینڈ بی سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی مزید تباہی سے قبل فوری طور پر اس کی مرمت اور ازسرِ نو بلیک ٹاپنگ کا کام شروع کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔