عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے سالانہ میلہ کھیر بھوانی کے موقع پر عوام، بالخصوص کشمیری پنڈت برادری، کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں سید محمد الطاف بخاری نے کہا، ’’میں اس اہم موقع پر تمام لوگوں، خصوصاً اپنے پنڈت بھائیوں اور بہنوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، جو اس تہوار کو گہری مذہبی عقیدت اور ثقافتی جوش و خروش کے ساتھ مناتے ہیں۔‘‘انہوں نے کہا، ’’میلہ کھیر بھوانی محض ایک مذہبی تقریب نہیں بلکہ کشمیر کی ہمہ گیر اور ملی جلی تہذیب اور صدیوں پر محیط فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی روایت کی علامت ہے۔ تمام برادریوں کے لوگ ہمیشہ اس موقع میں شریک ہوتے رہے ہیں اور اس تہوار کو بھرپور عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ مناتے رہے ہیں۔‘‘سید محمد الطاف بخاری نے کل تولہ مولہ مندر اور دیگرمندروں پر حاضری دینے والے عقیدت مندوں سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر میں دیرپا امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعا کریں۔