شوپیان میں دماغی طور معذور لاپتہ شہری کی لاش نالہ ویشو سے برآمد
سرینگر//سری نگرکے رعناواری علاقے کے ایک35 سالہ شخص کی اتوار کی شام اپنی رہائش گاہ پر بجلی کا جھٹکا لگنے سے موت واقعہ ہو گئی۔حکام نے بتایا کہ متوفی کی شناخت آصف احمد میر ولد فیاض احمد میر ساکنہ رعناواری کے طورپرہوئی ہے ، کو اتوار کی شام گھر پر بجلی کا جھٹکا لگنے کے بعد بے ہوش اور تشویشناک حالت میں ایس ایم ایچ ایس اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا تھا۔ڈاکٹروں نے فوری طور پر علاج فراہم کیا، تاہم وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ادھر سرینگر کے نائید کدل میں ایک معمر خاتون کی بجلی کرنٹ لگنے سے موت واقعہ ہو گئی۔حکام نے بتایاکہ 65سالہ خاتون نائیدکدل سری نگرمیں پیر کو سڑک عبور کرتے ہوئے کرنٹ لگنے سے ہلاک ہو گئی۔حکام نے بتایا کہ مہلوکہ کی شناخت کلاش پورہ کے رہنے والے مرحوم غلام نبی مخدومی کی بیوہ شمیمہ کے طور پر کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ خاتون سڑک پار کرتے ہوئے رنگرا سٹاپ، نائد کدل کے قریب بجلی کے کھمبے سے ٹکرائی، جس کے نتیجے میں اسے بجلی کا مہلک جھٹکا لگا۔ وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی، حکام نے بتایا۔
دریں اثنا، پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس دوران بجبہاڑہ کے گڈیشیر علاقے میں پیر کو ایک 10 سالہ لڑکی اپنے گھر کی چھت پر کھیلتے ہوئے گردن پر شدید چوٹ لگنے سے ہلاک ہوگئی۔متوفی کی شناخت تفیدہ خورشید دختر خورشید احمد ڈارکے طور ہوئی۔حکام نے بتایا کہ لڑکی کو اپنی رہائش گاہ کی چھت پر کھیلتے ہوئے چوٹ آئی۔اسے فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال (SDH) بجبہاڑہ میں علاج کے لیے لے جایا گیا۔تاہم، طبی کوششوں کے باوجود، وہ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ادھر بارہمولہ کے مضافاتی علاقے فتح گڑھ ناروائو کی ایک دوسالہ معصو م بچی اپنے نانہال واقع رینن کرالہ گنڈ کپوارہ میں پانی کے ٹب میں گرنے سے جاں بحق ہوگئی۔حکام نے پیر کو بتایاکہ ہندواڑہ کے رینن کرال گنڈ علاقے میں یہ المناک واقعہ ایک دو سالہ بچی کے حادثاتی طور پر ڈوبنے کے واقعے کے نتیجے میں پیش آیا۔ حکام نے بتایا کہ 2سالہ معصوم صابرہ جاوید دْخترجاوید اقبال لون ساکنہ فتح گڑھ بارہمولہ اپنے نانہال واقع رینن کرالہ گنڈمیں پانی کے بڑے ٹب میںحادثاتی طور گرنے کے باعث لقمہ اجل بن گئی۔حکام نے بتایاکہ معصوم بچی کو نانہال والوںنے پانی سے نکالنے کے بعد علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ہندوارہ منتقل کیا۔ تاہم، ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود، معصوم بچی دم توڑ گئی۔ادھر قاضی گنڈ علاقے کے قریب پیر کی شام ایک گاڑی کی زد میں آکر ایک معمر شخص کی جان چلی گئی۔ متوفی کی شناخت گل محمد کے طور پر کی گئی ہے جو کہ وکے کولگام کا رہنے والا ہے۔ ایک گاڑی سے ٹکرانے کے بعد بزرگ شخص کو شدید چوٹیں آئیں اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مزید کارروائی شروع کردی ہے۔دریں اثناء ایک نوجوان جو شوپیاں ضلع میں 9 جون سے اپنے گھر سے لاپتہ تھا سوموار کو ریشینگری اڈہ کے قریب ویشو نالہ سے اس کی لاش برآمد ہونے کے بعد مردہ پایا گیا۔ حکام نے بتایا کہ متوفی کی شناخت عمران دوئی ولد محمد اسلم دوئی ساکنہ سیدو شوپیا ن کے طور پر کی گئی ہے،گاؤں سے9 جون سے لاپتہ ہوا تھا۔ جس کا پتہ لگانے کے لیے اس کے اہل خانہ اور پولیس کی جانب سے کوششیں شروع کی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کی لاش ریشی نگری اڈہ کے قریب وشو نالہ سے برآمد ہوئی اور بعد ازاں اسے طبی اور قانونی کارروائیوں کے لیے منتقل کیا گیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ متوفی مبینہ طور پر دماغی امراض میں مبتلا تھا، قانونی اور طبی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاش کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔