عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیربرائے صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے کل پہلگام کا دورہ کیا اور پہلگام کلب میں منعقدہ ایک جامع میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے امرناتھ جی یاترا۔2026 کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر نے وزیر موصوفہ کو پہلگام اوربال تل دونوں راستوں پر یاتریوں کے لئے کئے گئے طبی اِنتظامات کے بارے میں جانکاری دِی۔ اْنہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کے قیام، ایڈوانس اور کریٹیکل کیئر یونٹس،ہائی ایلٹی ٹیوڈ ہیلتھ کیئر میںماہر ڈاکٹروں کی تعیناتی، ایمبولینسوں، اَدویات اور دیگر ضروری سہولیات کا جامع منصوبہ تیار کر کے عمل میں لایا گیا ہے۔وزیر موصوفہ نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ یاتریوں کوبغیر کسی رْکاوٹ اور پریشانی کے تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔وزیر صحت نے مؤثر ٹرانسپورٹ مینجمنٹ اور یاترا کے بعد کی صفائی ستھرائی کے جامع اِنتظامات پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف یاتریوں بلکہ سیاحوں کو بھی سہولیت حاصل ہوگی۔
اْنہوں نے ضرورت کے مطابق مزید سہولیات میں اضافہ کرنے اور متبادل و ایمرجنسی منصوبے تیار رکھنے کی ہدایت دی۔اْنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ یاتریوں کو بھرپور مہمان نوازی فراہم کی جائے تاکہ انہیں اس مقام کا یادگار اور خوشگوار تجربہ حاصل ہو۔ اْنہوں نے کہا، ”پوتریاترا کے پْرامن اِنعقاد کے لئے یاتریوں کو ہر ممکن سہولیت فراہم کی جائے۔”وزیرسکینہ اِیتو نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں بالخصوص بلا تعطل بجلی و پانی کی فراہمی، ضروری اشیاکی دستیابی، صحت عامہ، صفائی ستھرائی، مؤثر ٹرانسپورٹ اِنتظامات اور ہر وقت مکمل تیاری کو یقینی بنائیں۔متعلقہ اَفسروں نے وزیرموصوفہ کو حفاظتی پروٹوکول اور ایمرجنسی ریسپانس کے طریقہ کاربشمول ٹریک پر مشترکہ ٹیموں کی تعیناتی کے بارے میں بتایا۔میٹنگ کے بعد متعددعوامی وفود اور انجمنوں کے نمائندوں نے وزیرسکینہ اِیتو سے ملاقات کی اور اپنے مسائل و مطالبات پیش کئے۔ وزیرموصوفہ نے ان کے مسائل کو بغور سْنا اور یقین دِلایا کہ جائز مطالبات کو مقررہ مدت کے اندر حل کیا جائے گا۔بعدمیں اْنہوں نے گورنمنٹ ہسپتال پہلگام کا دورہ کیا اور یاترا کے سلسلے میں اس کی تیاریوں اور کام کاج کا جائزہ لیا۔ اْنہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائینہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہسپتال میں صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔