اشتیاق ملک
ڈوڈہ //گذشتہ ہفتے ضلع ڈوڈہ کی تحصیل چلی پنگل میں بھٹیاس-جکیاس رابطہ سڑک پر پیش آئے المناک سڑک حادثہ میں شدید زخمی ہونے والا نوجوان پانچ روز تک گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں زیرِ علاج رہنے کے بعد گذشتہ شب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔اس کے انتقال کے ساتھ ہی حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد دو ہو گئی ہے۔متوفی کی شناخت شبیر احمد بٹ (32) ولد غلام حسین بٹ ساکن چنیاس کے طور پر ہوئی ہے۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ جمعرات کو بعد دوپہر ان کے آبائی گاؤں چنیاس میں ادا کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں مقامی لوگوں، سماجی کارکنوں اور معززین نے شرکت کی۔بعد ازاں انہیں پرنم آنکھوں کے ساتھ مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔مرحوم اپنے پیچھے دو کمسن بیٹیاں اور ایک بیوہ سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ جمعہ کو بھٹیاس۔جکیاس سڑک پر پیش آئے دلخراش سڑک حادثہ میں پٹواری دھرمنتر سنگھ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے، جبکہ شبیر احمد بٹ شدید زخمی ہوئے تھے۔انہیں تشویشناک حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا تھا، جہاں پانچ روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد وہ بھی چل بسے۔