عاصف بٹ
کشتواڑ //ضلع کشتواڑ میں مسلسل شدید بارشیں و مختلف مقامات پر پتھر گرنے کے خطرات کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے احتیاطی اقدام کے طور پر بدھ کو تعلیم زون مڑواہ واڑون و بلاک دچھن کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا احکامات جاری کے۔ چیف ایجوکیشن آفیسر کشتواڑ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر کشتواڑ کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں مسلسل موسلادھار بارش، سڑکوں پر شدید پھسلن اور پہاڑی علاقوں میں پتھر گرنے کے امکانات طلبہ اساتذہ اور دیگر عملے کی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔ حکم کے مطابق زون مڑواہ واڑٓون و دچھن بلاک کے تمام سرکاری اور نجی اسکول بدھ کو مکمل طور پر بند رہیں گے تاکہ طلبہ اور تعلیمی عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ چیف ایجوکیشن آفیسر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس حکم پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ ضلع انتظامیہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، موسمی صورتحال سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔