سمت بھارگو
راجوری//خطہ پیر پنچال کے دربہ علاقے میں تعینات فوج کا ایک جوان مبینہ طور پر حادثاتی طور پر گولی لگنے کے واقعے میں فوت ہوگیا۔ ابتدائی تحقیقات میں واقعے کو حادثاتی فائرنگ کا معاملہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم پولیس نے قانونی کارروائی شروع کرتے ہوئے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔جاں بحق فوجی کی شناخت نائک بندارو دیویندر راؤ کے طور پر ہوئی ہے، جو راشٹریہ رائفلز کی ڈربہ میں قائم بٹالین میں تعینات تھے اور کاؤنٹر انسرجنسی فورس رومیو کے تحت خدمات انجام دے رہے تھے۔ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ رات اْس وقت پیش آیا جب فوجی جوان اپنے کیمپ میں موجود تھا۔ اسی دوران اسے گولی لگی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ واقعے کے فوراً بعد ساتھی اہلکاروں نے اسے طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور حالات کا جائزہ لیا۔ پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں معاملہ حادثاتی گولی چلنے کا معلوم ہوتا ہے، تاہم تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ واقعے کی اصل وجوہات سامنے آسکیں۔پولیس کے مطابق واقعے سے متعلق ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ فوجی حکام بھی داخلی سطح پر معاملے کی جانچ کر رہے ہیں۔