محتشم احتشام
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اشوک کمار شرما نے متعلقہ ضلعی افسران کے ہمراہ امام بارگاہ پونچھ کا دورہ کیا اور محرم الحرام 2026 (1448ھ) کے سلسلے میں کیے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر مختلف محکموں کے افسران، امام بارگاہ کی انتظامیہ اور عزاداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے امام بارگاہ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور محرم کے ایام میں مجالس اور جلوس ہائے عزا کے دوران عوام کو درپیش سہولیات اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ عزاداروں کی سہولت اور پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔امام بارگاہ انتظامیہ اور مقامی نمائندوں نے ڈپٹی کمشنر کو پانی، بجلی، صفائی ستھرائی، سڑکوں کی مرمت، اسٹریٹ لائٹس، طبی سہولیات اور ٹریفک کے مؤثر انتظام سے متعلق مختلف مطالبات اور تجاویز پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام نکات کو بغور سنا اور متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے یقین دلایا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ محرم الحرام مذہبی عقیدت اور احترام کا مقدس مہینہ ہے اور ضلعی انتظامیہ اس دوران امن، بھائی چارے اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے مکمل طور پر مستعد ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف محکموں کے درمیان بہتر رابطہ اور ہم آہنگی کے ذریعے تمام انتظامات کو مؤثر انداز میں انجام دیا جائے گا تاکہ مجالس اور جلوس ہائے عزا بخوبی اور پرامن طریقے سے منعقد ہو سکیں۔دورے کے دوران متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی اپنی تیاریوں سے آگاہ کیا اور محرم کے ایام میں درکار سہولیات کی فراہمی کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ امام بارگاہ کی انتظامیہ کے چیئرمین الحاج سلیم حسین ونتو اور دیگر اراکین اور مقامی عوام نے ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ محرم الحرام کے دوران تمام انتظامات بہترین انداز میں مکمل کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ ضلع انتظامیہ پونچھ ہر سال محرم الحرام کے پیش نظر خصوصی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے مختلف امام بارگاہوں اور جلوس کے راستوں کا معائنہ کرتی ہے تاکہ عزاداروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور مذہبی رسومات پرامن ماحول میں ادا ہوں۔