رمیش کیسر
نوشہرہ//ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ ڈاکٹر پریتم لال تھاپا نے اپنے دفتر میں دو الگ الگ جائزہ اجلاسوں کی صدارت کی جن میں عالمی یومِ یوگا 2026 کی تیاریوں اور مردم شماری کے تحت ہاؤس لسٹنگ آپریشنز و خانہ بدوش آبادی کی کوریج کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔پہلے اجلاس میں عالمی یومِ یوگا 2026 کے سلسلے میں کیے جا رہے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پولیس، جنگلات، پی ڈبلیو ڈی، جل شکتی، محکمہ تعلیم، صحت، دیہی ترقی، میونسپل کمیٹی، جے پی ڈی سی ایل اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر اے ڈی سی نے تمام محکموں کے درمیان باہمی تال میل کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ تقریب کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام تیاریاں وقت سے پہلے مکمل کی جائیں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ یوگا ڈے کے انعقاد کے دوران صفائی، پانی، بجلی، طبی سہولیات، سکیورٹی اور دیگر بنیادی انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ پروگرام خوش اسلوبی کے ساتھ منعقد ہو سکے۔
دوسرے اجلاس میں ڈاکٹر تھاپا نے مردم شماری کے ہاؤس لسٹنگ آپریشنز اور خانہ بدوش آبادی کی کوریج سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں تحصیلداروں، مردم شماری سپروائزروں اور محکمہ تعلیم، جنگلات، میونسپل کمیٹی، شیپ ہسبنڈری اور فوڈ، سول سپلائز اینڈ کنزیومر افیئرز کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران زمینی سطح پر جاری سرگرمیوں، اعداد و شمار جمع کرنے کے عمل اور خانہ بدوش خاندانوں کی شناخت سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اے ڈی سی نے درست اور بروقت اعداد و شمار جمع کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تمام متعلقہ افسران اور فیلڈ عملے کو ہدایت دی کہ تمام مستحق خاندانوں اور خانہ بدوش آبادی کی مکمل کوریج کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ مردم شماری سے متعلق سرگرمیوں کے موثر نفاذ کے لیے تمام محکمے ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کریں۔ ڈاکٹر تھاپا نے عوامی خدمات کی مؤثر فراہمی کے عزم کو دہراتے ہوئے تمام متعلقہ افسران سے ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں فرائض انجام دینے کی اپیل کی۔