عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر میں کمیونٹی میڈیسن کے شعبے کی ایک ممتاز، باوقار اور بانی شخصیت ڈاکٹر غلام محمد دھار (ڈاکٹر جی ایم دھر) بدھ یعنی 10جون 2026کوانتقال کر گئے۔ وہ 91 برس کے تھے۔1935 میں سرینگر کے تاریخی علاقہ عالی کدل میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر جی ایم دھر شہر خاص کے ایک معزز اور ممتاز خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ وہ حاجی غلام حسن دھر کے فرزند تھے۔ انہوں نے 1959 میں عثمانیہ میڈیکل کالج حیدرآباد سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی، جبکہ بعد ازاں کنگ جارج میڈیکل کالج سے ایم ڈی کیا اور یوں وہ جموں و کشمیر کے پہلے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹر بنے جنہوں نے پبلک ہیلتھ/کمیونٹی میڈیسن میں تخصص حاصل کیا۔
ڈاکٹر دھر نے اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز ایس ایم ایچ ایس اسپتال سرینگر میں بطور میڈیکل آفیسر کیا، جہاں انہیں ریاست کے نامور طبی ماہرین پروفیسر غلام رسول، پروفیسر علی محمد جان اور پروفیسر ہربھجن سنگھ کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ بعد میں وہ گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر میں پروفیسر اور شعبۂ کمیونٹی میڈیسن کے سربراہ مقرر ہوئے۔
وہ ایک مخلص استاد، محقق اور ادارہ ساز شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ڈاکٹر دھر نے گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر میں کمیونٹی میڈیسن کے پوسٹ گریجویٹ پروگرام کی بنیاد رکھی اور بے شمار طلبہ کی رہنمائی کی۔ انہیں جموں و کشمیر میں ’’فادر آف کمیونٹی میڈیسن‘‘کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔
1980 کی دہائی کے اوائل میں انہوں نے شیرِ کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (اسکمز) کے قیام اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ اس دوران انہوں نے کوآرڈینیٹر مین پاور ڈیولپمنٹ، اپیکل سلیکشن کمیٹی کے رکن، ایکس آفیشیو ایڈیشنل سیکریٹری میڈیکل ایجوکیشن اور چیئرمین کمیونٹی میڈیسن سمیت کئی اہم انتظامی ذمہ داریاں نبھائیں۔
ڈاکٹر دھر نے سرینگر میونسپلٹی میں ہیلتھ آفیسر اور بعد ازاں ایڈمنسٹریٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ وہ جموں و کشمیر میں آئی سی ڈی ایس اور رہبرِ صحت منصوبوں کے ابتدائی مشیر بھی رہے۔ قومی صحت پروگراموں خصوصاً چیچک کے خاتمے اور ملیریا کنٹرول مہم میں بھی ان کی خدمات نمایاں رہیں۔
ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں انہیں انڈین ایسوسی ایشن آف پریوینٹیو اینڈ سوشل میڈیسن کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ان کی شہرۂ آفاق تصنیف Foundations of Community Medicine، جو تقریباً ایک ہزار صفحات پر مشتمل ہے، بین الاقوامی ادارے Elsevier Ltd کی جانب سے شائع کی گئی۔
ڈاکٹر جی ایم دھر اپنے پسماندگان میں اہل خانہ کے علاوہ فرزند ڈاکٹر عرفان ربانی دھر، سابق پرنسپل اسکمز میڈیکل کالج اور موجودہ پروفیسر ریڈیولوجی اسکمز، جبکہ داماد ڈاکٹر عمر جاوید شاہ، سابق ڈائریکٹر و ایکس آفیشیو سیکریٹری حکومت اور ڈین اسکمز کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔
ان کے انتقال سے کشمیر کی طبی تاریخ کا ایک سنہرا باب اختتام پذیر ہوگیا۔ ساتھی ڈاکٹروں، شاگردوں اور طبی حلقوں نے انہیں ایک وژنری استاد، مخلص رہنما اور عوامی صحت کے شعبے کو نئی سمت دینے والی عظیم شخصیت قرار دیا ہے۔
جموں و کشمیر میں کمیونٹی میڈیسن کے بانی ڈاکٹر جی ایم دھر انتقال کر گئے