عشرت حسین بٹ
پونچھ/ضلع پونچھ کی تحصیل سرنکوٹ کے علاقہ بفلیاز میں اتوار کی علی الصبح ایک ہولناک آتشزدگی کے واقعہ میں 13 دوکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں، جس کے نتیجے میں دوکانداروں کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ آگ بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث ایک دوکان میں لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری مارکیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ اس قدر بھیانک تھی کہ چند ہی لمحوں میں 13 دوکانیں مکمل طور پر جل کر راکھ ہوگئیں۔
واقعہ کے فوراً بعد مقامی لوگ، فوج، پولیس اور فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ موقع پر پہنچا اور آگ پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم شدید آگ کی وجہ سے دوکانوں کو بچایا نہ جا سکا۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی کی گاڑی تاخیر سے موقع پر پہنچی، جس کے باعث نقصان میں مزید اضافہ ہوا۔
ایس ایچ او سرنکوٹ سید عابد بخاری نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آتشزدگی میں 13 دوکانیں مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ معلوم ہوئی ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ متاثرہ دوکانداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔