چیف سیکرٹری کی لازمی تقاضوںکو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت
سرینگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے کل ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں یکم جولائی 2026 ء سے جموں و کشمیر میں وِکست بھارت گرامین روزگار ابھیان مشن (وِی بی۔جی آر اے ایم )کی نفاذکے لئے دیہی ترقی محکمہ اور ضلعی اِنتظامیہ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔اْنہوںنے محکمہ کی طرف سے مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (ایم جی این آر اِی جی اے) کے فریم ورک سے نئے نافذکردہ وِی بی۔جی آر اے ایم نظام میں منتقلی کے سلسلے میں حاصل کی گئی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ یہ نئی سکیم مرکزی حکومت کی جانب سے 11 مئی 2026 ء کو نوٹیفائی کی گئی تھی۔چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے منصوبہ بندی اور مربوط عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ وہ سکیم کی عمل آوری کے لئے مقررہ ٹائم لائن پر سختی سے عمل کریں اور یکم جولائی 2026 ء کو اس کے آغاز سے قبل تمام تیاریوں کو مکمل کر لیں۔
اْنہوں نے ہدایت دی کہ تمام لازمی تقاضوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے جن میں محکمہ قانون کے ساتھ مشاورت کے بعد سکیم کا نوٹیفکیشن جاری کرنا، تمام اہل مزدوروں کی اِی۔کے وائی سی مکمل کرنا اور منصوبوں کی پیشگی منصوبہ بندی و منظوری شامل ہیں تاکہ نئے فریم ورک میں منتقلی بغیر کسی رْکاوٹ کے ممکن بنائی جا سکے۔چیف سیکرٹری نے دیہی ترقیات جموں و کشمیر کے ڈائریکٹروں کو ہدایت دی کہ وہ سکیم کی عمل آوری سے وابستہ تمام کار کنوں کی تربیت اور صلاحیت سازی کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔ اْنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ ضلع، بلاک اور گرام پنچایت سطح کے ہر ملازم کووِی بی۔جی آر اے ایم جی کے تحت فراہم کردہ دفعات، طریقہ کار اور تکنیکی پلیٹ فارموں سے مکمل طور پر واقف اور تربیت یافتہ ہونا چاہیے۔سیکرٹری دیہی ترقی اعجاز اسد نے بتایا کہ تمام اضلاع میں وسیع پیمانے پر بیداری اور عوامی رابطہ مہمات چلائی گئی ہیںجن کے تحت 4,291 گرام پنچایتوں کا احاطہ خصوصی گرام سبھاؤں، عوامی شمولیتی پروگراموں، سوشل میڈیا مہمات اور اخباری تشہیری اَقدامات کے ذریعے کورکیا گیا ہے۔’یکت دھارا ‘پلیٹ فارم کے تحت منصوبہ بندی کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے چیف سیکرٹری کو بتایا گیا کہ تمام 20 اَضلاع، 285 بلاکوں اور 4,291 گرام پنچایتوں کو 100 فیصد لاگ ان کریشن کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔ زائد اَز 94 فیصد گرام پنچایتوں میں منصوبہ بندی کا عمل شروع ہو چکا ہے جبکہ 92 فیصد سے زیادہ پنچایتیں اَپنے منصوبے پہلے ہی پیش کر چکے ہیں۔ تقریباً 3,849 گرام سبھاؤں نے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی ہے اورزائد اَز 63 ہزار کاموں کی نشاندہی کی گئی ہے جو نئے پروگرام کے تحت متوقع مزدور کی طلب کو پورا کرنے کے لئے پروجیکٹوں کا ایک مضبوط شیلف فراہم کرتے ہیں۔نئی سکیم کی عملی تیاریوں کے بارے میںمیٹنگ کو جانکاری دِی گئی کہ وِی بی۔ جی آر اے ایم کی عمل آوری کے لئے مسودہ نوٹیفکیشن تیار کرکے منظوری کے لئے پیش کیا جا چکا ہے جبکہ قواعد، وقف اکاؤنٹس، بجٹ کی فراہمی اور مالیاتی انتظامی نظاموں کے انضمام پر وزارت دیہی ترقی کی مقررہ ٹائم لائن کے مطابق کام جاری ہے۔ گرام پنچایتوں کی درجہ بندی اور دیگر تیاریوں کا عمل بھی طے شدہ شیڈول کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے۔