عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر لوکل باڈیز پنشنرز اینڈ یونائیٹڈ فورم (JKLPUF) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے صدر عبدالقیوم وانی کی قیادت میں سری نگر کے ایس کے آئی سی سی میں آٹھویں مرکزی پے کمیشن کے حکام سے ملاقات کی۔وفد نے پنشنرز اور حاضر سروس ملازمین سے متعلق مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ اس دوران آٹھویں مرکزی پے کمیشن کی سفارشات کے نفاذ کے حوالے سے دس نکاتی یادداشت بھی پیش کی گئی، جس میں پنشنرز اور ملازمین کے مطالبات اور خدشات کو مدلل انداز میں اجاگر کیا گیا۔
وفد نے فنانس بل 2025 اور ٹرمز آف ریفرنس (TOR) کے باعث پیدا ہونے والی تشویش اور ابہام پر بھی روشنی ڈالی۔ جے کے ایل پی یو ایف کے صدر وانی نے پنشنرز کے حق میں بھرپور انداز میں مؤقف پیش کرتے ہوئے ان کے تحفظات کو اجاگر کیا۔آٹھویں پے کمیشن کے ڈائریکٹر شہنواز اختر نے وفد کے مطالبات پر مثبت ردعمل ظاہر کیا اور یقین دلایا کہ آٹھویں پے کمیشن کی سفارشات کے نفاذ کے دوران پنشنرز کے ساتھ کسی بھی قسم کا امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔اس موقع پر عبدالقیوم وانی کے ہمراہ غلام احمد شاہ، شیخ بشیر احمد، انجینئر کے ایم تراگ ، فاروق احمد لون، فاروق احمد راتھر، اے آر شوپیانی، محمد اکبر میر، محمد اکبر لون، نذیر احمد راتھر، گلشن احمد لون، محمد رمضان خان اور مبارک احمد صوفی بھی موجود تھے۔
جے کے ایل پی یو ایف وفد کی آٹھویں مرکزی پے کمیشن سے ملاقات، پنشنرز اور ملازمین کے مسائل پر تبادلۂ خیال