عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/آل انڈیا کشمیری سماج (AIKS) نے منگل کے روز دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے کشمیری مہاجرین کیلئے ایک مرتبہ عام معافی (ون ٹائم ایمنسٹی) کا اعلان کرتے ہوئے نقد امداد کیلئے عائد آمدنی اور جائیداد سے متعلق شرائط کو ختم کردیا، جس کے باعث تقریباً دو برس سے امدادی رقم کی فراہمی معطل تھی۔سرکاری حکام کے مطابق اس فیصلے سے دہلی حکومت کے ساتھ رجسٹرڈ 1832 کشمیری مہاجر خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا۔ حکومت نے وہ آمدنی سے متعلق اہلیت کی شرط واپس لے لی ہے جو سابق اروند کیجریوال حکومت کے دور میں نافذ کی گئی تھی۔
ایک پریس ریلیز میں آل انڈیا کشمیری سماج کے صدر رویندر پنڈتا نے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نقد امدادی رقم میں بھی اضافہ کیا جائے، کیونکہ اس میں آخری بار تقریباً ایک دہائی قبل ترمیم کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ برس جولائی میں کشمیری پنڈتوں کے ایک وفد، جس میں رویندر پنڈتا بھی شامل تھے، نے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور دہلی کے وزیر داخلہ آشیش سود سے ملاقات کرکے یہ معاملات اٹھائے تھے۔ معلوم ہوا ہے کہ نئے بجٹ میں امدادی رقم اور بقایاجات کی ادائیگی کیلئے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔
دہلی حکومت نے کشمیری مہاجرین کیلئے امداد پر عائد آمدنی شرط ختم کردی