عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ منگل کے روز اُس وقت شروع ہوا جب حج 2026 کی پہلی پرواز سری نگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچی۔پہلی پرواز کے ذریعے 144 عازمینِ حج وطن واپس لوٹے، جن کا استقبال جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، مشیر ناصر اسلم وانی، ڈپٹی کمشنر بڈگام اطہر عامر خان سمیت سول و پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے کیا۔جموں و کشمیر حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر شجاعت احمد قریشی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلی واپسی پرواز میں شامل تمام 144 حجاج بخیریت سری نگر پہنچ گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس قافلے میں 74 مرد اور 70 خواتین شامل تھیں۔
ڈاکٹر قریشی کے مطابق ایئرپورٹ پر حجاج کرام کی سہولت کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں ٹرانسپورٹ، طبی امداد، ہیلپ ڈیسک اور آبِ زم زم کی تقسیم شامل ہے۔سامان کی ترسیل سے متعلق خدشات پر انہوں نے کہا کہ تقریباً 40 فیصد سامان آپریشنل وجوہات کی بنا پر ابھی باقی ہے، جو آئندہ دو سے تین دن کے اندر حج ہاؤس پہنچا دیا جائے گا۔
انہوں نے حجاج کرام کو ہدایت دی کہ جو افراد اپنا سامان حج ہاؤس سے وصول کریں گے وہ اپنے ساتھ حج ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ شناختی کارڈ ضرور لائیں تاکہ سامان کی حوالگی میں آسانی ہو۔قابلِ ذکر ہے کہ جموں و کشمیر اور لداخ کے حجاج کرام کی واپسی کا عمل 16 جون تک جاری رہے گا۔ اس دوران مجموعی طور پر 3,952 عازمین سری نگر امبارکیشن پوائنٹ کے ذریعے واپس پہنچیں گے۔
سری نگر میں حجاج کرام کی واپسی کا آغاز، پہلی پرواز وادی وارد، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کیا استقبال