عظمی ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے مرکزی وزیر شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈوکو ایک خط لکھ کر حج عازمین کے سامان کو اُنہی پروازوں کے ساتھ جموں و کشمیر منتقل کرنے کو یقینی بنانے کیلئے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔سرکاری ذرائع نےبتایا کہ وزیر اعلیٰ نے اپنے خط میں سعودی عرب سے سری نگر واپس آنے والے حج عازمین کے چیک اِن سامان کی ترسیل میں تاخیر پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔
خط کے مطابق متعدد عازمین ِحج، خصوصاً معمر حاجیوں نے اس انتظام پر ناراضگی اور پریشانی ظاہر کی ہے جس کے تحت اُن کا سامان الگ سے احمد آباد کے راستے سڑک کے ذریعے سری نگر بھیجا جا رہا ہے۔ یہ صورتحال سری نگر ہوائی اڈے پر جاری مرمتی کام اور دیگر عملی پابندیوں کے باعث پیش آئی ہے۔وزیر اعلیٰ نے خط میں لکھا، ’’یہ معلوم ہوا ہے کہ سری نگر ہوائی اڈے پر جاری مرمتی کام اور عملی رکاوٹوں کی وجہ سے حاجیوں کا چیک اِن سامان اُنہی پروازوں کے ساتھ جموں و کشمیر منتقل نہیں کیا جا سکا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ سامان کی تاخیر سے حاجیوں اور اُن کے اہل خانہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، خاص طور پر اس وجہ سے کہ حج سے واپسی کے بعد زمزم، کھجور اور دیگر مذہبی تحائف فوری طور پر عزیز و اقارب اور پڑوسیوں میں تقسیم کرنے کی ایک دیرینہ روایت رہی ہے۔عمر عبداللہ نے مزید کہا، ’’مندرجہ بالا صورتحال کے پیش نظر میری آپ سے گزارش ہے کہ جموں و کشمیر واپس آنے والے حج عازمین کے سامان کو محفوظ طریقے سے اور اُنہی پروازوں کے ساتھ منتقل کرنے کیلئے مداخلت فرمائیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ سامان کی بروقت اور محفوظ ترسیل سے حاجیوں کو درپیش مشکلات کم ہوں گی اور مذہبی و جذباتی اہمیت رکھنے والی اشیاء کی حرمت بھی برقرار رہے گی۔وزیر اعلیٰ نے مرکزی وزیر شہری ہوا بازی سے اس معاملے پر جلد اور مثبت غور کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل مرکزی وزارتِ اقلیتی امور نے وضاحت کی تھی کہ سامان کی ترسیل پر پابندیاں سری نگر ہوائی اڈے پر رن وے کی مرمت اور دیگر عملی مسائل کے باعث عائد کی گئی ہیں۔
وزارت کے مطابق NOTAM اور رن وے کی عارضی لمبائی میں کمی کے باعث سری نگر کیلئے اکاسا ایئرلائنز کی واپسی حج پروازوں کو احمد آباد کے راستے چلایا جا رہا ہے۔اس انتظام کے تحت حاجیوں کو احمد آباد تک 35 کلوگرام چیک اِن سامان لے جانے کی اجازت ہے، تاہم احمد آباد سے سری نگر سیکٹر میں فی حاجی صرف 5 کلوگرام سامان ہی پرواز میں لے جایا جا سکتا ہے، جبکہ باقی سامان الگ سے سڑک کے ذریعے سری نگر پہنچایا جا رہا ہے۔
حج سے واپسی پر سامان کی تاخیر، وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے مرکزی حکومت کو لکھا خط