عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/مرکزی وزارتِ اقلیتی امور (MoMA) نے پیر کے روز سری نگر واپس آنے والے حجاج کرام کیلئے سامانِ سفر پر عائد پابندیوں کے حوالے سے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات سری نگر ایئرپورٹ پر جاری رن وے مرمت اور آپریشنل مجبوریوں کے باعث ناگزیر بنے ہیں۔
وزارت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ سری نگر ایئرپورٹ کیلئے جاری نوٹم (NOTAM) اور رن وے کی مرمت کے کام کے باعث عارضی طور رن وے کی لمبائی محدود کر دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں فضائی حفاظت کے پیش نظر طیاروں کے وزن اور سامان کی گنجائش پر پابندیاں عائد کرنا ضروری ہو گیا۔
وزارت کے مطابق، حج پروازوں کے شیڈول میں خلل سے بچنے اور حجاج کو کم سے کم پریشانی پہنچانے کیلئے اکاسا ایئرلائنز کی جانب سے سری نگر امبارکیشن پوائنٹ کی واپسی حج پروازوں کو احمد آباد کے راستے چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس انتظام کے تحت حجاج کرام احمد آباد تک 35 کلوگرام چیک اِن سامان لے جا سکیں گے، تاہم احمد آباد سے سری نگر کے سفر کے دوران فی حاجی صرف 5 کلوگرام چیک اِن سامان طیارے میں لے جانے کی اجازت ہوگی، جبکہ باقی 30 کلوگرام سامان الگ سے سڑک کے ذریعے سری نگر پہنچایا جائے گا۔ البتہ ہینڈ بیگ کے وزن میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
وزارت نے کہا کہ “یہ تمام انتظامات صرف ایئرپورٹ کی آپریشنل مجبوریوں اور فضائی تحفظ کے تقاضوں کے تحت کیے گئے ہیں۔” مزید کہا گیا کہ وزارتِ اقلیتی امور، حج کمیٹی آف انڈیا اور جموں و کشمیر حج کمیٹی تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ حجاج کی محفوظ اور ہموار واپسی یقینی بنائی جا سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران جموں و کشمیر کے متعدد حجاج نے کم بیگج الاؤنس اور سامان کو الگ سڑک کے ذریعے بھیجنے کے فیصلے پر تشویش ظاہر کی تھی۔
اس سے قبل جموں و کشمیر حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر شجاعت احمد قریشی نے بتایا تھا کہ یہ پابندیاں سری نگر ایئرپورٹ پر جاری رن وے مرمت اور اپریل سے اکتوبر تک نافذ نوٹم کے باعث عائد کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عام طور پر حجاج کو 40 کلوگرام چیک اِن سامان اور 7 کلوگرام ہینڈ بیگ لے جانے کی اجازت ہوتی ہے، تاہم اس سال آپریشنل مسائل کے باعث سری نگر آنے والی پروازوں میں وزن کی گنجائش کم کر دی گئی ہے۔ڈاکٹر قریشی نے یقین دہانی کرائی کہ حجاج کا باقی سامان چند روز میں محفوظ طریقے سے کشمیر پہنچا دیا جائے گا، جبکہ زم زم کا پانی پہلے ہی سری نگر ایئرپورٹ پہنچایا جا چکا ہے جہاں اسے حجاج میں تقسیم کیا جائے گا۔
رن وے مرمت کے باعث سری نگر حاجیوں کیلئے سامان کی پابندیاں ناگزیر: وزارتِ اقلیتی امور