وقت کی پابندی کو برقرار رکھنے اور تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے پر زور
عظمیٰ نیوزسروس
جموں// نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے جموں میں جاری متعدد ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لیا اور اہم سرکاری دفاتر کا اچانک معائنہ کیا تا کہ کارکردگی ، جواب دہی اور پروجیکٹس کی عمل درآمد کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ باغِ باہو کے دورے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے ڈاک بنگلہ کی جاری تعمیر کا معائنہ کیا اور سائٹ پر جاری کام کی رفتار اور معیار کا جائیزہ لیا ۔ بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ کام کو تیز کریں اور مواد کے معیار پر سختی سے عمل کریں تا کہ سہولت مقررہ وقت میں مکمل ہو اور زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے چیف انجینئر پی ایم جی ایس وائی جموں اور چیف انجینئر میکنیکل اینڈ ہسپتال انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ ( ایم اینڈ ایچ ای ڈی ) جموں کے دفاتر کا بھی اچانک معائینہ کیا ۔ معائنہ کے دوران انہوں نے دفاتر میں عملے کی حاضری اور کام کاج کا جائیزہ لینے کے علاوہ محکموں کی جانب سے جاری منصوبوں کی صورتحال کا جائیزہ لیا ۔ عوامی خدمات کی فراہمی میں شفافیت ، جوابدہی اور کارکردگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے افسران اور اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ وقت کی پابندی کو برقرار رکھیں اور تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ معیاری انفراسٹرکچر اور موثر گورننس حکومت کی اہم ترجیحات ہیں اور منصوبے پر عملدرآمد میں کسی بھی تاخیر کو سنجیدگی سے دیکھا جائے گا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے عوامی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور عوام کے فائدے کیلئے ترقیاتی پروجیکٹوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ۔ معائنہ کے دوران چیف انجینئر پی ایم جی ایس وائی ، آر اینڈ بی اور متعلقہ محکموں کے دیگر سینئر افسران نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔