عشرت حسین بٹ
پونچھ// ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے ساوجیاں علاقے میں سنیچر کے روز ایک ریچھ کے حملے میں چالیس سالہ شخص شدید طور پر زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق محمود احمد ولد محمد اکبر ساکنہ براڑی ساوجیاں اپنی ڈھوک ملڈوری میں مال مویشی چرا رہا تھا کہ اچانک ایک ریچھ نے اس پر حملہ کر دیا۔ حملے میں وہ بری طرح زخمی ہو گیا۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس اور مقامی لوگوں نے مشترکہ طور پر زخمی شخص کو سب ضلع ہسپتال منڈی منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ بعد ازاں تشویشناک حالت کے پیش نظر اسے مزید علاج کے لیے ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ زیرِ علاج ہے۔
اس حوالے سے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ضلع ہسپتال پونچھ ڈاکٹر شفیق احمد نے بتایا کہ ریچھ کے حملے میں محمود احمد کے جسم پر کئی مقامات پر گہری چوٹیں آئی ہیں اور اس کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت محسوس ہوئی تو مریض کو مزید بہتر علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری یا جموں منتقل کیا جا سکتا ہے۔