عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس نے روزِ اول سے ہی عوام کو طاقت کا اصل سرچشمہ تصور کیا ہے اور ہمیشہ اس اصول پر کاربند رہی ہے کہ اقتدار اور سرداری صرف عوام کا حق ہے۔ نیشنل کانفرنس آج بھی اسی نظریے پر چٹان کی مانند ثابت قدم ہے اور ہر مشکل گھڑی میں لوگوں کی ایک مضبوط، توانا اور بے باک آواز بن کر کھڑی ہے ۔ن باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنی رہائش گاہ واقع گپکار روڑ سرینگر میں ایامِ عیدالاضحی کے موقع پر جموں و کشمیر اور لداخ کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے عوامی وفود، معزز شہریوں، پارٹی لیڈران، ممبرانِ پارلیمان، ممبرانِ اسمبلی، عہدیداران اور کارکنان سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے نائب صدر اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ نے تمام وفود اور ملاقی ہونے والے حضرات کو عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ذی الحجہ کے مقدس مہینے اور عید قربان کے صدقے جموں وکشمیر کے عوام کو امن، خوشحالی، فارغ البالی، تعمیر و ترقی اور کامیابیوں سے نوازے۔ فاروق عبداللہ نے پارٹی لیڈران، ممبرانِ پارلیمان و اسمبلی اور تمام عہدیداران پر زور دیا کہ وہ خدمتِ خلق کے جذبے کو اپنا شعار بنائیں اور ہر وقت عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل کے حل کیلئے کام کریں، کیونکہ عوام کا اعتماد، محبت اور حمایت ہی نیشنل کانفرنس کی اصل طاقت اور جماعت کی مضبوطی و بالادستی کا راز ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی موجودہ حکومت محدود اختیارات اور مختلف رکاوٹوں کے باوجود عوامی راحت رسانی، تعمیر و ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے سنجیدگی، دیانتداری اور خلوص نیت کے ساتھ کام کررہی ہے، اس لئے اس حکومت کے ہاتھ مضبوط کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب نیشنل کانفرنس کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ عوامی مسائل کو موثر انداز میں حل کیا جاسکے اور جموں وکشمیر کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس دفعہ370کی بحالی کے اپنے موقف پر چٹان کی طرح قائم ہے اور ہماری جدوجہد ہر حال میں جاری رہے گی۔