عظمیٰ نیوز سروس
کٹھوعہ // جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں پولیس نے منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ایک شخص کی تقریباً سات کروڑ روپے مالیت کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی ضلع میں منشیات کے نیٹ ورک اور ان کے مالیاتی ڈھانچے کے خلاف جاری مہم کے تحت عمل میں لائی گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق ضبط کی گئی جائیداد میں چھ کنال اور اٹھارہ مرلہ اراضی کے علاوہ ایک منزلہ رہائشی مکان شامل ہے، جس کا پلنتھ ایریا تقریباً 2107 مربع فٹ بتایا جا رہا ہے۔ یہ جائیداد کٹھوعہ کے چک شیخاں علاقے میں واقع ہے اور اس کا تعلق ہرپال سنگھ عرف بلوچی نامی شخص سے ہے، جو اس وقت نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکو ٹروپک سبسٹینسز ایکٹ 1988 کے تحت حراست میں ہے۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے ابتدائی طور پر یہ پایا کہ مذکورہ جائیداد مبینہ طور پر منشیات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل ہونے والی آمدنی سے خریدی گئی تھی۔ حکام نے بتایا کہ کارروائی کٹھوعہ کی سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس موہیتا شرما کی ہدایت پر انجام دی گئی۔پولیس کے مطابق منشیات سے متعلق مختلف دفعات کے تحت قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد جائیداد کو باضابطہ طور پر ضبط کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ہرپال سنگھ ضلع کٹھوعہ میں درج منشیات سے متعلق چار مختلف مقدمات میں ملوث رہا ہے اور پولیس کافی عرصے سے اس کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھی۔مقامی لوگوں نے پولیس کی اس کارروائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ عوام نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی کارروائیوں سے نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے میں مدد ملے گی۔پولیس حکام نے واضح کیا کہ ضلع کو منشیات سے پاک بنانے کیلئے کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی اور نہ صرف منشیات فروشوں بلکہ اس کاروبار سے حاصل کئے گئے اثاثوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔