عظمیٰ نیوز سروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے کٹرہ میں اکشے پاترا کے مرکزی کچن سہولیت کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ سہولیت فعال ہونے کے بعد روزانہ 5000 سکولی بچوں کو غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کرے گی۔ اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری میں اکشے پاترا کے مستقبل کے منصوبوں بشمول جموں میں آنے والی کچن سہولیت کے بارے میں بھی بات کی۔اُنہوںنے کہا، ’’میں نے نوجوان نسل کو بااِختیار بنانے کے لئے حکومت اور سماجی تنظیموں کے درمیان مضبوط اشتراک پر زور دیا۔ ہمیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ سکولی بچوں کو متوازن اور غذائیت بخش غذا فراہم ہو۔ ہر بچہ صحت مند خوراک تک رسائی کا حقدار ہے اور ہمیں یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی بچہ پیچھے نہ رہ جائے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے روزمرہ زِندگی میں ورثے کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ تین سوالات ’ہم کیا پیدا کر رہے ہیں، ہم کیا محفوظ کر رہے ہیں اور ہم آنے والی نسلوں کو کیا سونپیں گے ‘پر منحصر ہے؟
اُنہوں نے کہا کہ ہمیں اس فہرست میں ایک اور سوال’ ہم اَپنے بچوں کو کیا کھلا رہے ہیں‘ شامل کرنا چاہیے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہماری نوجوان نسل کی غذائیت ہی ہمارے مستقبل کی تشکیل کرے گی۔اُنہوں نے کہا کہ بھوکا بچہ تعلیم حاصل نہیں کرسکتا اورایسا سکول جو اَپنے بچوں کو خوراک فراہم نہ کر سکے، وہ مساوی ترقی کے مواقع فراہم کرنے کا دعویٰ نہیں کر سکتا۔ اُنہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر کئی دہائیوں کی تحقیق اور اس کے نتائج نے ثابت کیا ہے کہ غذائیت اور تعلیم الگ الگ چیزیں نہیں بلکہ اچھی غذائیت ہی تعلیم کی بنیاد ہے۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا، ’’جو بچے متوازن اور غذائیت سے بھرپور کھانا کھاتے ہیں وہ بہتر توجہ دیتے ہیں، معلومات کو زیادہ مؤثر طریقے سے برقرار رکھتے ہیں اور کلاس میں زیادہ سرگرمی سے حصہ لیتے ہیں۔ پروٹین، وٹامنز اور متوازن غذا بچے کی سوچنے اور سمجھنے کی بنیادی توانائی فراہم کرتے ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ جموں کشمیر کا ہر سکول یاد رکھے جب ہم سکولوں میں غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کرتے ہیں تو ہم محض پیٹ نہیں بھر رہے بلکہ ہم مستقبل کی سوچ کو تشکیل دے رہے ہیں۔‘‘اُنہوں نے کہا ،’’اگلی نسل نہ صرف ہمارا مستقبل ہے بلکہ وہ ان خوابوں اور اُمنگوں کا جیتا جاگتا اظہار ہے جو ہم ایک قوم کے طور پر سنوارنا چاہتے ہیں۔ ان کی تعلیم، صحت اور اعتماد معاشرے کی مشترکہ ذِمہ داری اور اِجتماعی عہد ہے۔ آج ہم بچوں میں جو اَقدار، علم اور اعتماد پیدا کریں گے وہ آنے والی دہائیوں میں جموں و کشمیر اور ہندوستان کی سمت متعین کریں گے۔‘‘ اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے اکشے پاتراکی بے لوث خدمات کو سراہا جو سکولی کھانے کے شعبے میں دُنیا کی سب سے بڑی این جی اوز میں سے ایک ہے اور اس وقت 16 ریاستوں اور 3 یوٹیز میں 20 لاکھ سے زائد بچوں کو خدمات فراہم کر رہی ہے۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے سکولی طلبا کو کھانا بھی پیش کیا۔تقریب میں اکشے پترا فاؤنڈیشن کے قومی صدر اور ٹرسٹی شری بھرت ارشبھا داس، رکن اسمبلی شری ماتا ویشنو دیوی حلقہ بلدیو راج شرما، ممبر اسمبلی ریاسی کلدیپ راج دوبے، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری، کمشنرسیکرٹری محکمہ سکولی تعلیم رام نواس شرما، آئی جی پی جموں بھیم سین توتی، صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، ڈِی آئی جی اودھمپور۔ریاسی رینج شیو کمار شرما، ضلع ترقیاتی کمشنر ریاسی کمار ابھیشیک، سویتا آئیل ٹیکنالوجیز سے ادے سی ریگے، سینئر افسران، اکشے پاترا فاؤنڈیشن کے اراکین اور بڑی تعداد میں طلبأ نے شرکت کی۔