یواین آئی
مکہ مکرمہ// سعودی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال حج کے موقع پر خطبہ حج دنیا بھر میں بولی جانے والی 35 بڑی زبانوں میں ترجمے کے ساتھ نشر کیا جائے گا۔اس حوالے سے ادارہ امور حرمین کے سربراہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد دنیا بھر کے مسلمانوں تک خطبہ حج کا اہم پیغام پہنچانا اور اسلام کے اعتدال، رواداری اور انسانیت کے پیغام کو عالمی سطح پر عام کرنا ہے۔ سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق شیخ السدیس کا کہنا ہے کہ خطبہ حج کا ترجمہ سعودی عرب کی اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے عزم کا مظہر ہے، جبکہ یہ اقدام سعودی قیادت کی جانب سے حجاج کرام کی خدمت اور ان کی سہولت کے لیے خصوصی توجہ کو بھی اجاگر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے استعمال سے حج سیزن کے عالمی اثرات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ خطبہ حج کے روحانی، اخلاقی اور انسانی پیغامات زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکیں۔شیخ السدیس کا کہنا تھا کہ خطبہ حج ترجمہ کا منصوبہ ادارہ امور حرمین کے اہم ترین اقدامات میں سے ایک ہے، جو برسوں کے تجربے کی بنیاد پر قائم کیا گیا ہے۔