عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی، پارٹی صدر ملیکارجن کھرگے، لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا سمیت کئی لیڈروں نے جمعرات کو سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کو ان کی 35 ویں برسی پر جمعرات کو یہاں ان کے سمادھی استھل ویر بھومی جاکر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
ویر بھومی پر اس موقع پر راجیو گاندھی کی یاد میں منعقدہ پروگرام میں پارٹی کے کئی سینئرلیڈر بھی موجود تھے۔
کانگریس صدر نے ہندستان کی تعمیر کے لیے راجیو گاندھی کے ایک قول کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’ہندستان ایک قدیم ملک ہے، لیکن ایک نوجوان قوم ہے۔ میں ایسے ہندستان کا خواب دیکھتا ہوں — مضبوط، آزاد، خود کفیل اور دنیا کے صفِ اول کے ممالک میں کھڑا، جو انسانیت کی خدمت کرے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’بھارت رتن راجیو گاندھی نے دور اندیشی، جرات اور ہندستان کے مستقبل پر گہرے یقین کے ساتھ ملک کو 21ویں صدی کی جانب لے جانے کی مضبوط بنیاد رکھی۔ ان کے دور حکومت میں ووٹنگ کی عمر 18 سال کرنا، پنچایتی راج کے ذریعے مقامی سیلف گورننس کو مضبوط بنانا، ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی انقلاب کی شروعات، کمپیوٹرائزیشن کو فروغ، اہم امن معاہدے، یونیورسل ویکسینیشن پروگرام اور جامع تعلیمی پالیسی جیسی کئی انقلابی پہل کی گئیں۔ ان کی وراثت آج بھی جدید ہندستان کو سمت دے رہی ہے اور نئی نسلوں کے لیے تحریک کا ذریعہ بنی ہوئی ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے بھی ایک پوسٹ میں سابق وزیر اعظم کو یاد کرتے ہوئے لکھا، ’’پاپا، آپ نے جس ہنرمند، خوشحال اور مضبوط ہندستان کا خواب دیکھا تھا، اسے حقیقت میں بدلنے کی ذمہ داری میں پوری کروں گا۔ آپ کی تعلیمات، آپ کے اقدار اور آپ کی یادیں ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گی۔‘
سونیا، کھرگے، راہل، پرینکا نے راجیو گاندھی کو ان کی 35 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا