عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں پولیس نے میران صاحب علاقے میں راجستھان سے تعلق رکھنے والی دو خواتین منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے تقریباً ایک کلو افیون نما مادہ برآمد کیا ہے۔ پولیس اسٹیشن میران صاحب کی ایک ٹیم، جس کی قیادت ایس ایچ او انسپکٹر جتیندر سنگھ کر رہے تھے اور جو ایس ڈی پی او آر ایس پورہ گرمت سنگھ کی نگرانی میں رنگ روڈ پر گشت پر تھی، نے دو خواتین کو پولیس پارٹی کو دیکھ کر مشکوک انداز میں بھاگنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا۔ذرائع کے مطابق پولیس نے ان کے رویے پر شبہ ہونے پر دونوں خواتین کو حکمت عملی سے قابو میں لے کر پوچھ گچھ کی۔دورانِ تفتیش گرفتار خواتین نے اپنی شناخت پوجا راٹھور زوجہ کمل راٹھور ساکن بھیلواڑہ، راجستھان اور انیتا کنور زوجہ آزاد سنگھ ساکن بھکلیہ، بھیلواڑہ، راجستھان کے طور پر ظاہر کی۔پولیس کے مطابق ذاتی تلاشی کے دوران دونوں خواتین کے قبضے سے ایک ایک پالی تھین پیکٹ برآمد ہوا، جن میں افیون نما مادہ موجود تھا۔وزن کرنے پر برآمد شدہ ممنوعہ مادے کا مجموعی وزن تقریباً ایک کلو پایا گیا۔پولیس نے بتایا کہ یہ ممنوعہ مادہ دونوں خواتین کے دانستہ قبضے سے برآمد کیا گیا، جس کے بعد ان کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔