عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // عوامی حکومت عوام کے ووٹوں سے قائم ہوتی ہے اور منتخب عوامی نمائندے ہی اپنے علاقوں کے جغرافیائی حالات، عوامی مسائل، ضروریات اور مطالبات سے بخوبی واقف ہوتے ہیں۔ یہی نمائندے زمینی سطح پر عوام سے جڑے رہتے ہیں، جبکہ افسر شاہی کبھی بھی جمہوری طرزِ حکمرانی کا متبادل نہیں بن سکتی۔ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اننت ناگ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے ایک منتخب حکومت کو اقتدار سونپا ہے، لہٰذا نئی دہلی کو عوامی فیصلے کا احترام کرتے ہوئے فوری طور پر جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنا چاہئے اور منتخب حکومت کو تمام اختیارات واپس دینے چاہئیں تاکہ عوامی مسائل کا مؤثر اور بلا روک ٹوک ازالہ ممکن ہوسکے۔
فاروق عبداللہ نے کہا کہ سخت ترین حالات اور اڑچنوں کے باوجود موجودہ نیشنل کانفرنس حکومت عوام دوست اقدامات اور عوامی راحت رسانی کیلئے سنجیدگی کے ساتھ کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے اراکینِ اسمبلی مسلسل زمینی سطح پر عوام کے درمیان موجود رہتے ہیں، لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہوتے ہیں، ان کے مسائل سنتے ہیں اور ان کے حل کیلئے عملی اقدامات کرتے ہیں، جبکہ سابقہ افسر شاہی دور میں عوام کو اس طرز کی نمائندگی میسر نہیں تھی۔