غلام نبی رینہ
کنگن/14مئی سے سری نگر-لیہہشاہراہ پر دو طرفہ ٹریفک کی بحالی کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو کونسلر ڈاکٹر محمد جعفر آخون نے کہا ہے کہ اس فیصلے سے عوام، مسافروں، مال بردار گاڑیوں کے مالکان اور سیاحتی شعبے کو بڑی راحت ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت سری نگر-لیہہشاہراہ پر صرف یکطرفہ ٹریفک کی آمدورفت جاری تھی، جس کے باعث کرگل، لداخ اور دراس کی سیر و تفریح کے لیے جانے والے سیاح اکثر ہوٹلوں میں کی گئی اپنی بکنگ منسوخ کر دیتے تھے، جس سے ہوٹل مالکان کو مالی نقصان اٹھانا پڑتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یکطرفہ ٹریفک کی وجہ سے عام لوگوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، جبکہ مسافر اور مال بردار گاڑیوں کے مالکان بھی مسلسل مطالبہ کر رہے تھے کہ شاہراہ پر دو طرفہ ٹریفک بحال کی جائے تاکہ سفر میں آسانی ہو سکے۔
ڈاکٹر محمد جعفر آخون نے بتایا کہ انہوں نے اس مسئلے کو یونین ٹیریٹری لداخ کے ڈویژنل کمشنر کے سامنے اٹھایا، جس کے بعد ڈویژنل کمشنر لداخ نے ڈویژنل کمشنر کشمیر سے رابطہ کیا اور دو طرفہ ٹریفک بحال کرنے کی ضرورت سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کے مشورے کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا کہ 14 مئی سے سری نگر-لیہہشاہراہ پر دونوں طرف سے ٹریفک کی آمدورفت کی اجازت دی جائے گی تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے مزید کہا کہ شاہراہ پر دونوں اطراف سے گاڑیاں ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق چلیں گی اور تمام مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقررہ ہدایات پر عمل کریں۔
14مئی سے سری نگر-لیہہ شاہراہ پر دو طرفہ ٹریفک بحال ہوگی: ڈاکٹر محمد جعفر آخون