عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/ لیفٹیننٹ جنرل این ایس راجا سبرامنیم (ریٹائرڈ) کو نیا چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) اور وائس ایڈمرل کرشن سوامی ناتھن کو نیا نیول چیف مقرر کیا گیا ہے۔ وزارتِ دفاع نے ہفتہ کی صبح مسلح افواج میں ان اہم تقرریوں کا اعلان کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل راجا سبرامنیم، جنرل انل چوہان کی جگہ لیں گے جن کی مدتِ ملازمت 30 مئی کو مکمل ہو رہی ہے، جبکہ وائس ایڈمرل سوامی ناتھن، ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی کی جگہ بحریہ کے سربراہ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جو 31 مئی کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل سبرامنیم فوجی امور کے محکمے کے سکریٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دیں گے۔ ان کی تقرری ان کے عہدہ سنبھالنے کے دن سے مؤثر ہوگی اور وہ اگلے احکامات تک اس منصب پر فائز رہیں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل راجا سبرامنیم یکم ستمبر 2025 سے قومی سلامتی کونسل سیکریٹریٹ میں فوجی مشیر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ یکم جولائی 2024 سے 31 جولائی 2025 تک فوج کے نائب سربراہ رہے، جبکہ مارچ 2023 سے جون 2024 تک مرکزی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ اِن چیف کے عہدے پر فائز رہے۔
وائس ایڈمرل سوامی ناتھن نے 31 جولائی 2025 کو مغربی بحریہ کمان کے 34ویں فلیگ آفیسر کمانڈنگ اِن چیف کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔