عظمیٰ نیوز سروس
جموں//ضلع پولیس ریاسی نے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کو سخت پی آئی ٹی این ڈی پی ایس قانون کے تحت حراست میں لے کر سنٹرل جیل کوٹ بھلوال جموں منتقل کر دیا ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت پش بندر سنگھ ولد جنک سنگھ، ساکن متلوٹ، تھورو، ریاسی کے طور پر ہوئی ہے، جو اس وقت پٹرول پمپ کے قریب گیتا نگر، ریاسی میں مقیم تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم ضلع میں مسلسل منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث پایا گیا اور اس کے خلاف پہلے بھی کئی مقدمات درج ہیں۔پولیس کے مطابق نوجوانوں کو منشیات فراہم کرنے اور مسلسل منشیات فروشی میں ملوث رہنے کے سبب پولیس اسٹیشن ریاسی نے ڈویژنل کمشنر جموں کی جانب سے جاری حراستی حکم نامہ نمبر 13مؤرخہ 06-05-2026کے تحت اسے پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت حراست میں لیا۔پولیس نے کہا کہ متعدد وارننگز اور این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کے باوجود ملزم مالی فائدے کے لیے منشیات کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث رہا، جس سے معاشرے اور نوجوان نسل کو سنگین خطرات لاحق تھے۔ایس ایس پی ریاسی مکند تبرےوال کی ہدایات پر ایک تفصیلی ڈوزیئر تیار کر کے متعلقہ حکام کو بھیجا گیا، جس کے بعد ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار کی منظوری سے حراستی حکم جاری کیا گیا۔ بعد ازاں پولیس اسٹیشن ریاسی کی ٹیم نے ملزم کو گرفتار کر کے سنٹرل جیل کوٹ بھلوال جموں منتقل کیا۔