ہزاروں کی تعداد میںسیکورٹی اورگنتی مبصرتعینات
یو این آئی
ترواننت پورم// کیرالہ کی تمام 140 اسمبلی نشستوں کے لیے ووٹوں کی گنتی آج (4 مئی) صبح 8 بجے سے شروع ہوگی۔گنتی کے انتظامات کے تحت مجموعی طور پر 43 مقامات پر قائم 140 مراکز میں 15,465 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔مغربی بنگال میں 2 مرحلوں میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے تحت 293 نشستوں کے لیے پیر کو 77 گنتی مراکز پر ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے ہفتہ کو ضلع جنوبی 24 پرگنہ کے فالٹا اسمبلی حلقے کے تمام بوتھوں پر دوبارہ پولنگ کرانے کا اعلان کیا ہے، کیونکہ 29 اپریل کو ہونے والے دوسرے مرحلے کی رائے دہی میں سنگین انتخابی بے ضابطگیاں پائی گئی تھیں۔ اس لیے فالٹا کو چھوڑ کر 293 اسمبلی حلقوں کے ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔ گنتی مراکز کے گردونواح میں سیکورٹی سخت کرنے کے لیے الیکشن کمیشن نے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ جنوبی ریاست تمل ناڈو میں 23 اپریل کو تمام 234 اسمبلی حلقوں میں ہوئی ووٹنگ کے بعد پیر کے روز ہونے والی ووٹوں کی گنتی کی تیاریوں کے درمیان گنتی مراکز پر تقریباً 18,000 پولس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔ متعلقہ اتھارٹیوں کی جانب سے تمام 62 گنتی مراکز پر سخت حفاظتی انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔ جہاں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کو محفوظ رکھا گیا ہے اور انہیں سخت نگرانی میں کھولا جائے گا۔الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے 4 مئی کو گنتی کے دن مغربی بنگال میں گنتی کے مبصرین کی مدد کے لیے سیکورٹی کو بڑھانے اور گنتی کے مراکز کے ارد گرد امن و امان کی نگرانی کے لیے 165 اضافی کاؤنٹنگ مبصرین اور 77 پولیس مبصرین کو تعینات کیا ہے۔ کمیشن نے کہا کہ یہ تقرریاں آئین ہند کے آرٹیکل 324 اور عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کی دفعہ 20B کے تحت حاصل اختیارات کے استعمال میں کی گئی ہیں۔ اس مدت کے دوران مبصرین کو الیکشن کمیشن میں ڈیپوٹیشن پر سمجھا جائے گا اور وہ کمیشن کے سپرنٹنڈنس اور کنٹرول کے تحت کام کریں گے۔ای سی آئی نے کہا کہ پولس مبصرین گنتی کے مبصرین اور گنتی کے عمل کے لیے تعینات دیگر انتخابی اہلکاروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسران (آر اوز)، گنتی کے عملے، امیدواروں اور ان کے ایجنٹس کے لیے شناختی کارڈز میں ایک مخصوص ماڈیول کے ذریعے آر اوز جاری کریں گے۔ای سی آئی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ گنتی کے عملے، امیدواروں اور ان کے ایجنٹوں کو صرف ای سی آئی نیٹ کے ذریعے آر او کی طرف سے جاری کردہ کیو آر کوڈ پر مبنی تصویری شناختی کارڈ کی بنیاد پر ہی گنتی مراکز میں داخل کیا جائے گا۔ کمیشن نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ گنتی کے مبصر اور ریٹرننگ افسر کے علاوہ کسی بھی شخص کو کاؤنٹنگ ہال کے اندر موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔