عظمیٰ نیوز سروس
کولکاتہ// مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ ٹی ایم سی کارکنوں کے حوصلے پست کرنے کے لیے بی جے پی کے کہنے پر ایگزٹ پول کے تخمینے گردش کیے جا رہے ہیں۔ ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا کہ حکمراں جماعت ٹی ایم سی ریاستی انتخابات میں 294 اسمبلی سیٹوں میں سے 226 سے زیادہ جیتنے میں کامیاب ہوگی۔ایکس پر پوسٹ کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں، بنرجی نے دعویٰ کیا کہ ٹیلی ویژن چینلز بی جے پی کے دفتر سے نشر ہونے والے انتخابات کے نتائج کے تخمینے دکھا رہے ہیں۔مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے نتائج سے قبل ریاست میں سیاسی ماحول انتہائی گرم ہوگیا ہے، جہاں ای وی ایم اسٹرونگ روم کے باہر ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے کارکنوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ان واقعات کے بعد انتظامیہ نے سکیورٹی مزید سخت کر دی ہے اور حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق کولکاتا سمیت مختلف علاقوں میں قائم اسٹرونگ رومز کے باہر ترنمول کانگریس کے کارکنوں نے احتجاج اور دھرنا شروع کر دیا ہے۔ یہ احتجاج وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے اس ویڈیو پیغام کے چند گھنٹوں بعد شروع ہوا جس میں انہوں نے ای وی ایم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے خدشات ظاہر کیے تھے اور پارٹی کارکنوں سے اسٹرونگ رومز کی نگرانی کرنے کی اپیل کی تھی۔ترنمول کانگریس کے رہنماؤں کا الزام ہے کہ مرکزی فورسز نے جان بوجھ کر پارٹی کارکنوں کو اسٹرونگ روم کے باہر سے ہٹا دیا تاکہ اندر کسی ممکنہ سازش کو عملی شکل دی جا سکے۔ پارٹی کے مطابق یہ اقدام انتخابی شفافیت پر سوال کھڑے کرتا ہے اور الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے مزید واضح موقف اختیار کرنا چاہیے۔