عظمیٰ ویب ڈیسک
شوپیان/جنوبی ضلع شوپیان میں پانچ روز قبل نالے میں گر کر لاپتہ ہونے والے ضلع پلوامہ کے چار سالہ بچے کی لاش جمعہ کے روز ہیرپورہ علاقے میں رنبیارا نالاسے برآمد کر لی گئیحکام کے مطابق متوفی کی شناخت محمد حنظلہ ساکن ٹیکن، پلوامہ کے طور پر ہوئی ہے، جو 27 اپریل کو دبجن پل کے قریب ایک تیز بہاؤ والے نالے میں حادثاتی طور پر گر گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ نالے کا تیز بہاؤ بچے کو فوراً اپنے ساتھ بہا لے گیا تھا، جس کے بعد وہ لاپتہ ہو گیا۔
ایک سرکاری عہدیدارنے بتایا کہ پانچ روز تک جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے بعد آج صبح بچے کی لاش رنبیارا نالہ کے نشیبی مقام سے برآمد کی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ واقعہ کے فوراً بعد فوج، جموں و کشمیر پولیس اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (SDRF) کی ٹیموں نے مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا تھا۔
حکام کے مطابق نالے کے گہرے حصوں میں تلاش کے لیے خصوصی آلات کا استعمال کیا گیا جبکہ اضافی نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔ نعش کی تلاش کو مؤثر بنانے کے لیے ڈوڈہ سے تعلق رکھنے والے معروف رضاکار غوطہ خور سمیت ماہر شہری رضاکاروں کی خدمات بھی حاصل کی گئی تھیں۔
پانچ روز بعد لاپتہ 4 سالہ بچے کی لاش رنبیارا نالے سے برآمد