ایجنسیز
لندن/لیورپول کرکٹ کلب کو امید ہے کہ محمد صلاح انجری سے صحت یاب ہو کر سیزن ختم ہونے سے پہلے میدان میں واپس لوٹ آئیں گے۔ ہفتے کے روز کرسٹل پیلس کے خلاف میچ کے دوران وہ انجری کے باعث گراؤنڈ سے باہر جانے پر مجبور ہو گئے تھے۔اس واقعے کے بعد یہ خدشات پیدا ہو گئے تھے کہ 33 سالہ فارورڈ شاید کلب کے لیے اپنا آخری میچ کھیل چکے ہیں، کیونکہ دوسرے ہاف میں انہیں ہیمسٹرنگ (پٹھوں) کی تکلیف کے باعث باہر جانا پڑا تھا۔ صلاح کے لیے یہ ایک افسوسناک اختتام ہوتا، کیونکہ انہوں نے گزشتہ ماہ ہی اعلان کیا تھا کہ وہ اینفیلڈ میں اپنے شاندار نو سالہ سفر کے بعد کلب چھوڑ دیں گے۔ انہوں نے لیورپول کے لیے 435 میچوں میں 257 گول اسکور کیے ہیں۔تاہم، بدھ کے روز کلب نے واضح کیا کہ یہ ایک “معمولی نوعیت کی انجری” ہے اور توقع ہے کہ مصری انٹرنیشنل کھلاڑی کلب چھوڑنے سے پہلے دوبارہ ایکشن میں نظر آئیں گے۔
بی بی سی اسپورٹس کے مطابق، لیورپول کا سیزن کا آخری میچ 24 مئی کو اینفیلڈ میں برینٹ فورڈ کے خلاف ہے۔ ان کی جلد واپسی کا مطلب یہ بھی ہے کہ صلاح رواں موسمِ گرما میں ہونے والے ورلڈ کپ میں مصر کی کپتانی کے لیے مکمل طور پر دستیاب ہوں گے۔2017 میں کلب جوائن کرنے کے بعد سے صلاح نے دو پریمیئر لیگ ٹائٹلز، چیمپئنز لیگ، فیفا کلب ورلڈ کپ، یوئیفا سپر کپ، ایف اے کپ، دو ای ایف ایل کپ اور کمیونٹی شیلڈ جیسے بڑے اعزازات اپنے نام کیے۔ لیورپول کی تاریخ میں صرف ایان رش (346) اور راجر ہنٹ (285) نے محمد صلاح سے زیادہ گول کیے ہیں۔ کرسٹل پیلس کے خلاف گراؤنڈ سے باہر جاتے وقت جس طرح انہوں نے شائقین کا شکریہ ادا کیا، اس سے ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ وہ اپنی واپسی کے بارے میں غیر یقینی کا شکار تھے، لیکن اب لیورپول کے مداحوں کے لیے اچھی خبر سامنے آئی ہے۔